یرمِیاہ 50:9-26 Urdu Bible Revised Version (URD)

9. کیونکہ دیکھ مَیں شِمال کی سرزمِین سے بڑی قَوموں کے انبوہ کو برپا کرُوں گا اور بابل پر چڑھا لاؤُں گا اور وہ اُس کے مُقابِل صف آرا ہوں گے ۔ وہاں سے اُس پر قبضہ کر لیں گے ۔ اُن کے تِیرکار آزمُودہ بہادُر کے سے ہوں گے جو خالی ہاتھ نہیں لَوٹتا۔

10. کسدِستان لُوٹا جائے گا اُسے لُوٹنے والے سب آسُودہ ہوں گے خُداوند فرماتا ہے۔

11. اَے میری مِیراث کو لُوٹنے والو چُونکہ تُم شادمان اور خُوش ہو اور داؤنے والی بچھیا کی مانِند کُودتے پھاندتے اور طاقت ور گھوڑوں کی مانِند ہِنہناتے ہو۔

12. اِس لِئے تُمہاری ماں نِہایت شرمِندہ ہو گی ۔ تُمہاری والِدہ خجالت اُٹھائے گی ۔ دیکھو وہ قَوموں میں سب سے آخِری ٹھہرے گی اور بیابان و خُشک زمِین اور ریگستان ہو گی۔

13. خُداوند کے قہر کے سبب سے وہ آباد نہ ہو گی بلکہ بِالکُل وِیران ہو جائے گی ۔ جو کوئی بابل سے گُذرے گا حَیران ہو گا اور اُس کی سب آفتوں کے باعِث سُسکارے گا۔

14. اَے سب تِیراندازو! بابل کو گھیر کر اُس کے خِلاف صف آرائی کرو ۔ اُس پر تِیر چلاؤ ۔ تِیروں کو دریغ نہ کروکیونکہ اُس نے خُداوند کا گُناہ کِیا ہے۔

15. اُسے گھیر کر تُم اُس پر للکارو ۔ اُس نے اِطاعت منظُور کر لی ۔ اُس کی بُنیادیں دھس گئِیں ۔ اُس کی دِیواریں گِر گئِیں کیونکہ یہ خُداوند کا اِنتقام ہے ۔ اُس سے اِنتقام لو ۔ جَیسا اُس نے کِیا وَیسا ہی تُم اُس سے کرو۔

16. بابل میں ہر ایک بونے والے کو اور اُسے جو دِرَو کے وقت درانتی پکڑے کاٹ ڈالو ۔ ظالِم کی تلوار کی ہَیبت سے ہر ایک اپنے لوگوں میں جا مِلے گا اور ہر ایک اپنے وطن کو بھاگ جائے گا۔

17. اِسرائیل پراگندہ بھیڑوں کی مانِند ہے ۔ شیروں نے اُسے رگیدا ہے ۔ پہلے شاہِ اسُور نے اُسے کھا لِیا اور پِھر یہ شاہِ بابل نبُوکدر ضر اُس کی ہڈِّیوں تک چبا گیا۔

18. اِس لِئے ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں شاہِ بابل اور اُس کے مُلک کو سزا دُوں گا جِس طرح مَیں نے شاہِ اَسُور کو سزا دی ہے۔

19. لیکن مَیں اِسرائیل کو پِھر اُس کے مسکن میں لاؤُں گا اور وہ کرمِل اور بسن میں چرے گا اور اُس کی جان کوہِ افرائیم اور جِلعاد پر آسُودہ ہو گی۔

20. خُداوند فرماتا ہے اُن دِنوں میں اور اُسی وقت اِسرائیل کی بدکرداری ڈُھونڈے نہ مِلے گی اور یہُودا ہ کے گُناہوں کا پتہ نہ مِلے گا کیونکہ جِن کو مَیں باقی رکھُّوں گا اُن کو مُعاف کرُوں گا۔

21. مراتا یم کی سرزمِین پر اور فِقود کے باشِندوں پر چڑھائی کر ۔ اُسے وِیران کر اور اُن کو بِالکُل نابُود کر خُداوند فرماتا ہے اور جو کُچھ مَیں نے تُجھے فرمایا ہے اُس سب کے مُطابِق عمل کر۔

22. مُلک میں لڑائی اور بڑی ہلاکت کی آواز ہے۔

23. تمام دُنیا کا ہتھوڑا کیونکر کاٹا اور توڑا گیا! بابل قَوموں کے درمِیان کَیسا جایِ حَیرت ہُؤا!۔

24. مَیں نے تیرے لِئے پھندا لگایا اور اَے بابل تُو پکڑا گیا اور تُجھے خبر نہ تھی ۔ تیرا پتہ مِلا اور تُو گرِفتارہو گیا کیونکہ تُو نے خُداوند سے لڑائی کی ہے۔

25. خُداوند نے اپنا سلاح خانہ کھولا اور اپنے قہر کے ہتھیاروں کو نِکالا ہے کیونکہ کسدیوں کی سرزمِین میں خُداوند ربُّ الافواج کو کُچھ کرنا ہے۔

26. سِرے سے شرُوع کر کے اُس پر چڑھو اور اُس کے انبارخانوں کو کھولو ۔ اُس کو کھنڈر کر ڈالو اور اُس کو نیست کرو ۔ اُس کی کوئی چِیزباقی نہ چھوڑو۔

یرمِیاہ 50