27. اُس کے سب بَیلوں کو ذبح کرو ۔ اُن کو مسلخ میں جانے دو ۔ اُن پر افسوس! کہ اُن کا دِن آ گیا ۔ اُن کی سزا کا وقت آ پُہنچا۔
28. سرزمِینِ بابل سے فرارِیوں کی آواز! وہ بھاگتے اور صِیُّو ن میں خُداوند ہمارے خُدا کے اِنتقام یعنی اُس کی ہَیکل کے اِنتقام کا اِعلان کرتے ہیں۔
29. تِیر اندازوں کو بُلا کر اِکٹّھا کرو کہ بابل پر جائیں ۔ سب کمان داروں کو ہر طرف سے اُس کے مُقابِل خَیمہ زن کرو ۔ وہاں سے کوئی بچ نہ نِکلے ۔ اُس کے کام کے مُوافِق اُس کو بدلہ دو ۔ سب کُچھ جو اُس نے کِیا اُس سے کرو کیونکہ اُس نے خُداوند اِسرائیل کے قُدُّوس کے حضُور بُہت تکبُّر کِیا۔
30. اِس لِئے اُس کے جوان بازاروں میں گِر جائیں گے اور سب جنگی مَرد اُس دِن کاٹ ڈالے جائیں گے خُداوند فرماتا ہے۔
31. اَے مغرُور دیکھ مَیں تیرا مُخالِف ہُوں خُداوند ربُّ الافواج فرماتا ہے کیونکہ تیرا وقت آ پُہنچا ہاں وہ وقت جب مَیں تُجھے سزا دُوں۔
32. اور وہ گھمنڈی ٹھوکر کھائے گا ۔ وہ گِرے گا اور کوئی اُسے نہ اُٹھائے گا اور مَیں اُس کے شہروں میں آگ بھڑکاؤُں گا اور وہ اُس کی تمام نواحی کو بھسم کر دے گی۔
33. ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ بنی اِسرائیل اور بنی یہُوداہ دونوں مظلُوم ہیں اور اُن کو اَسِیر کرنے والے اُن کو قَید میں رکھتے ہیں اور چھوڑنے سے اِنکارکرتے ہیں۔