یرمِیاہ 5:7-25 Urdu Bible Revised Version (URD)

7. مَیں تُجھے کیونکر مُعاف کرُوں؟تیرے فرزندوں نے مُجھ کو چھوڑا اور اُن کی قَسمکھائی جو خُدا نہیں ہیں ۔جب مَیں نے اُن کو سیر کِیاتو اُنہوں نے بدکاری کی اور پرے باندھ کرقحبہ خانوں میں اِکٹّھے ہُوئے۔

8. وہ پیٹ بھرے گھوڑوں کی مانِند ہو گئے ۔ہر ایک صُبح کے وقت اپنے پڑوسی کی بِیوی پرہِنہنانے لگا۔

9. خُداوند فرماتا ہے کیا مَیں اِن باتوں کے لِئے سزا نہدُوں گااور کیا میری رُوح اَیسی قَوم سے اِنتقام نہ لےگی؟۔

10. اُس کی دِیواروں پر چڑھ جاؤ اور توڑ ڈالولیکن بِالکُل برباد نہ کرو ۔اُس کی شاخیں کاٹ دوکیونکہ وہ خُداوند کی نہیں ہیں۔

11. اِس لِئے کہ خُداوند فرماتا ہےاِسرائیل کے گھرانے اور یہُودا ہ کے گھرانےنے مُجھ سے نِہایت بے وفائی کی۔

12. اُنہوں نے خُداوند کا اِنکار کِیا اور کہا کہ وہ نہیں ہے ۔ ہم پر ہرگِز آفت نہ آئے گی اور تلوار اور کال کو ہم نہ دیکھیں گے۔

13. اور نبی محض ہوا ہو جائیں گے اور کلام اُن میں نہیں ہے ۔ اُن کے ساتھ اَیسا ہی ہو گا۔

14. پس اِس لِئے کہ تُم یُوں کہتے ہو خُداوند ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں اپنے کلام کو تیرے مُنہ میں آگ اور اِن لوگوں کو لکڑی بناؤُں گا ۔ اور وہ اِن کو بھسم کر دے گی۔

15. اَے اِسرائیل کے گھرانے دیکھ مَیں ایک قَوم کو دُور سے تُجھ پر چڑھا لاؤُں گا خُداوند فرماتا ہے ۔ وہ زبردست قَوم ہے ۔ وہ قدِیم قَوم ہے ۔ وہ اَیسی قَوم ہے جِس کی زُبان تُو نہیں جانتا اور اُن کی بات کو تُو نہیں سمجھتا۔

16. اُن کے ترکش کُھلی قبریں ہیں ۔ وہ سب بہادُر مَرد ہیں۔

17. اور وہ تیری فصل کا اناج اور تیری روٹی جو تیرے بیٹوں اور بیٹِیوں کے کھانے کی تھی کھا جائیں گے ۔ تیرے گائے بَیل اور تیری بھیڑ بکرِیوں کو چٹ کر جائیں گے ۔ تیرے انگُور اور انجِیر نِگل جائیں گے ۔ تیرے حصِین شہروں کو جِن پر تیرا بھروسا ہے تلوار سے وِیران کر دیں گے۔

18. لیکن خُداوند فرماتا ہے اُن ایّام میں بھی مَیں تُم کو بِالکُل برباد نہ کرُوں گا۔

19. اور یُوں ہو گا کہ جب وہ کہیں گے کہ خُداوند ہمارے خُدا نے یہ سب کُچھ ہم سے کیوں کِیا؟ تو تُو اُن سے کہے گا کہ جِس طرح تُم نے مُجھے چھوڑ دِیا اور اپنے مُلک میں غَیر معبُودوں کی عِبادت کی اُسی طرح تُم اُس مُلک میں جو تُمہارا نہیں ہے اجنبِیوں کی خِدمت کرو گے۔

20. یعقُوب کے گھرانے میں اِس بات کا اِشتہار دو اور یہُودا ہ میں اِس کی مُنادی کرو اور کہو۔

21. اب ذرا سُنو اَے نادان اور بے عقل لوگو جو آنکھیں رکھتے ہو پر دیکھتے نہیں ۔ جو کان رکھتے ہو پر سُنتے نہیں۔

22. خُداوند فرماتا ہے کیا تُم مُجھ سے نہیں ڈرتے؟ کیا تُم میرے حضُور میں تھرتھراؤ گے نہیں جِس نے ریت کو سمُندر کی حد پر ابدی حُکم سے قائِم کِیا کہ وہ اُس سے آگے نہیں بڑھ سکتا اور ہر چند اُس کی لہریں اُچھلتی ہیں تَو بھی غالِب نہیں آتِیں اور ہر چند شور کرتی ہیں تَو بھی اُس سے تجاوُز نہیں کر سکتِیں؟۔

23. لیکن اِن لوگوں کے دِل باغی اور سرکش ہیں ۔ اِنہوں نے سرکشی کی اور دُور ہو گئے۔

24. اِنہوں نے اپنے دِل میں نہ کہا کہ ہم خُداوند اپنے خُدا سے ڈریں جو پہلی اور پِچھلی برسات وقت پر بھیجتا ہے اور فصل کے مُقرّرہ ہفتوں کو ہمارے لِئے مَوجُود کررکھتا ہے۔

25. تُمہاری بدکرداری نے اِن چِیزوں کو تُم سے دُور کر دِیا اور تُمہارے گُناہوں نے اچّھی چِیزوں کو تُم سے باز رکھّا۔

یرمِیاہ 5