یرمِیاہ 33:1-10 Urdu Bible Revised Version (URD)

1. ہنُوز یَرمِیا ہ قَیدخانہ کے صحن میں بند تھا کہ خُداوند کا کلام دوبارہ اُس پر نازِل ہُؤا کہ۔

2. خُداوند جو پُورا کرتا اور بناتا اور قائِم کرتا ہے جِس کا نام یہووا ہ ہے یُوں فرماتا ہے۔

3. کہ مُجھے پُکار اور مَیں تُجھے جواب دُوں گا اور بڑی بڑی اور گہری باتیں جِن کو تُو نہیں جانتا تُجھ پر ظاہِر کرُوں گا۔

4. کیونکہ خُداوند اِسرائیل کا خُدا اِس شہر کے گھروں کی بابت اور شاہانِ یہُودا ہ کے گھروں کی بابت جو دمدموں اور تلوار کے باعِث گِرا دِئے گئے ہیں یُوں فرماتا ہے۔

5. کہ وہ کسدیوں سے لڑنے آئے ہیں اور اُن کو آدمِیوں کی لاشوں سے بھریں گے ۔ جِن کو مَیں نے اپنے قہر و غضب سے قتل کِیا ہے اور جِن کی تمام شرارت کے سبب سے مَیں نے اِس شہر سے اپنا مُنہ چُھپایا ہے۔

6. دیکھ مَیں اُسے صِحت و تندرُستی بخشُوں گا ۔ مَیں اُن کو شِفا دُوں گا اور امن و سلامتی کی کثرت اُن پر ظاہِر کرُوں گا۔

7. اور مَیں یہُودا ہ اور اِسرائیل کو اَسِیری سے واپس لاؤُں گا اور اُن کو پہلے کی طرح بناؤُں گا۔

8. اور مَیں اُن کو اُن کی ساری بدکرداری سے جو اُنہوں نے میرے خِلاف کی ہے پاک کرُوں گا اور مَیں اُن کی ساری بدکرداری جِس سے وہ میرے گُنہگار ہُوئے اور جِس سے اُنہوں نے میرے خِلاف بغاوت کی ہے مُعاف کرُوں گا۔

9. اور یہ میرے لِئے رُویِ زمِین کی سب قَوموں کے سامنے مُسرّت بخش نام اور سِتایش و جلال کا باعِث ہو گا ۔ وہ اُس سب بھلائی کا جو مَیں اُن سے کرتا ہُوں ذِکر سُنیں گی اور اُس بھلائی اور سلامتی کے سبب سے جو مَیں اِن کے لِئے مُہیّا کرتا ہُوں ڈریں گی اور کانپیں گی۔

10. خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اِس مقام میں جِس کی بابت تُم کہتے ہو کہ وِیران ہے ۔ وہاں نہ اِنسان ہے نہ حَیوان یعنی یہُودا ہ کے شہروں میں اور یروشلیِم کے بازاروں میں جو وِیران ہیں جہاں نہ اِنسان ہیں نہ باشِندے نہ حَیوان۔

یرمِیاہ 33