یرمِیاہ 33:7-23 Urdu Bible Revised Version (URD)

7. اور مَیں یہُودا ہ اور اِسرائیل کو اَسِیری سے واپس لاؤُں گا اور اُن کو پہلے کی طرح بناؤُں گا۔

8. اور مَیں اُن کو اُن کی ساری بدکرداری سے جو اُنہوں نے میرے خِلاف کی ہے پاک کرُوں گا اور مَیں اُن کی ساری بدکرداری جِس سے وہ میرے گُنہگار ہُوئے اور جِس سے اُنہوں نے میرے خِلاف بغاوت کی ہے مُعاف کرُوں گا۔

9. اور یہ میرے لِئے رُویِ زمِین کی سب قَوموں کے سامنے مُسرّت بخش نام اور سِتایش و جلال کا باعِث ہو گا ۔ وہ اُس سب بھلائی کا جو مَیں اُن سے کرتا ہُوں ذِکر سُنیں گی اور اُس بھلائی اور سلامتی کے سبب سے جو مَیں اِن کے لِئے مُہیّا کرتا ہُوں ڈریں گی اور کانپیں گی۔

10. خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اِس مقام میں جِس کی بابت تُم کہتے ہو کہ وِیران ہے ۔ وہاں نہ اِنسان ہے نہ حَیوان یعنی یہُودا ہ کے شہروں میں اور یروشلیِم کے بازاروں میں جو وِیران ہیں جہاں نہ اِنسان ہیں نہ باشِندے نہ حَیوان۔

11. خُوشی اور شادمانی کی آواز ۔ دُلہے اور دُلہن کی آواز اور اُن کی آواز سُنی جائے گی جو کہتے ہیںربُّ الافواج کی سِتایش کروکیونکہ خُداوند بھلا ہےاور اُس کی شفقت ابدی ہے ۔ہاں اُن کی آواز جو خُداوند کے گھر میں شُکر گُذ ا ر ی کی قُربانی لائیں گے کیونکہ خُداوند فرماتا ہے مَیں اِس مُلک کے اَسِیروں کو واپس لا کر بحال کرُوں گا۔

12. ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ اِس وِیران جگہ اور اِس کے سب شہروں میں جہاں نہ اِنسان ہے نہ حَیوان پِھر چرواہوں کے رہنے کے مکان ہوں گے جو اپنے گلّوں کو بِٹھائیں گے۔

13. کوہِستان کے شہروں میں اور وادی کے اور جنُوب کے شہروں میں اور بِنیمِین کے عِلاقہ میں اور یروشلیِم کی نواحی میں اور یہُودا ہ کے شہروں میں پِھر گلّے گِننے والے کے ہاتھ کے نِیچے سے گُذریں گے خُداوند فرماتا ہے۔

14. دیکھ وہ دِن آتے ہیں خُداوند فرماتا ہے کہ وہ نیک بات جو مَیں نے اِسرائیل کے گھرانے اور یہُودا ہ کے گھرانے کے حق میں فرمائی ہے پُوری کرُوں گا۔

15. اُن ہی ایّام میں اور اُسی وقت مَیں داؤُد کے لِئے صداقت کی شاخ پَیدا کرُوں گا اور وہ مُلک میں عدالت و صداقت سے عمل کرے گا۔

16. اُن دِنوں میں یہُودا ہ نجات پائے گا اور یروشلیِم سلامتی سے سکُونت کرے گا اور خُداوند ہماری صداقت اُس کا نام ہو گا۔

17. کیونکہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اِسرائیل کے گھرانے کے تخت پر بَیٹھنے کے لِئے داؤُد کو کبھی آدمی کی کمی نہ ہو گی۔

18. اور نہ لاوی کاہِنوں کو آدمِیوں کی کمی ہو گی جو میرے حضُور سوختنی قُربانِیاں گُذرانیں اور ہدئے چڑھائیں اور ہمیشہ قُربانی کریں۔

19. پِھر خُداوند کا کلام یَرمِیا ہ پر نازِل ہُؤا۔

20. خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اگر تُم میرا وہ عہد جو مَیں نے دِن سے اور رات سے کِیا توڑ سکو کہ دِن اور رات اپنے اپنے وقت پر نہ ہوں۔

21. تو میرا وہ عہد بھی جو مَیں نے اپنے خادِم داؤُد سے کِیا ٹُوٹ سکتا ہے کہ اُس کے تخت پر بادشاہی کرنے کوبیٹا نہ ہو اور وہ عہد بھی جو اپنے خِدمت گُذار لاوی کاہِنوں سے کِیا۔

22. جَیسے اجرامِ فلک بے شُمار ہیں اور سمُندر کی ریت بے اندازہ ہے وَیسے ہی مَیں اپنے بندہ داؤُد کی نسل کو اورلاویوں کو جو میری خِدمت کرتے ہیں فراوانی بخشُوں گا۔

23. پِھر خُداوند کا کلام یَرمِیا ہ پر نازِل ہُؤا۔

یرمِیاہ 33