یرمیا 25:32-38 اردو جیو ورژن (UGV)

32. رب الافواج فرماتا ہے، ”دیکھو، یکے بعد دیگرے تمام قوموں پر آفت نازل ہو رہی ہے، زمین کی انتہا سے زبردست طوفان آ رہا ہے۔

33. اُس وقت رب کے مارے ہوئے لوگوں کی لاشیں دنیا کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک پڑی رہیں گی۔ نہ کوئی اُن پر ماتم کرے گا، نہ اُنہیں اُٹھا کر دفن کرے گا۔ وہ کھیت میں بکھرے گوبر کی طرح زمین پر پڑی رہیں گی۔

34. اے گلہ بانو، واویلا کرو! اے ریوڑ کے راہنماؤ، راکھ میں لوٹ پوٹ ہو جاؤ! کیونکہ وقت آ گیا ہے کہ تمہیں ذبح کیا جائے۔ تم گر کر نازک برتن کی طرح پاش پاش ہو جاؤ گے۔

35. گلہ بان کہیں بھی بھاگ کر پناہ نہیں لے سکیں گے، ریوڑ کے راہنما بچ ہی نہیں سکیں گے۔

36. سنو! گلہ بانوں کی چیخیں اور ریوڑ کے راہنماؤں کی آہیں! کیونکہ رب اُن کی چراگاہ کو تباہ کر رہا ہے۔

37. پُرسکون مرغزاروں کا ستیاناس ہو گا جب رب کا سخت غضب نازل ہو گا،

38. جب رب جوان شیرببر کی طرح اپنی چھپنے کی جگہ سے نکل کر لوگوں پر ٹوٹ پڑے گا۔ تب ظالم کی تیز تلوار اور رب کا شدید قہر اُن کا ملک تباہ کرے گا۔“

یرمیا 25