3. رب فرماتا ہے، ”میری قوم کے گلہ بانوں پر میرا غضب بھڑک اُٹھا ہے، اور جو بکرے اُس کی راہنمائی کر رہے ہیں اُنہیں مَیں سزا دوں گا۔ کیونکہ رب الافواج اپنے ریوڑ یہوداہ کے گھرانے کی دیکھ بھال کرے گا، اُسے جنگی گھوڑے جیسا شاندار بنا دے گا۔
4. یہوداہ سے کونے کا بنیادی پتھر، میخ، جنگ کی کمان اور تمام حکمران نکل آئیں گے۔
5. سب سورمے کی مانند ہوں گے جو لڑتے وقت دشمن کو گلی کے کچرے میں کچل دیں گے۔ رب الافواج اُن کے ساتھ ہو گا، اِس لئے وہ لڑ کر غالب آئیں گے۔ مخالف گھڑسواروں کی بڑی رُسوائی ہو گی۔
6. مَیں یہوداہ کے گھرانے کو تقویت دوں گا، یوسف کے گھرانے کو چھٹکارا دوں گا، ہاں اُن پر رحم کر کے اُنہیں دوبارہ وطن میں بسا دوں گا۔ تب اُن کی حالت سے پتا نہیں چلے گا کہ مَیں نے کبھی اُنہیں رد کیا تھا۔ کیونکہ مَیں رب اُن کا خدا ہوں، مَیں ہی اُن کی سنوں گا۔
7. افرائیم کے افراد سورمے سے بن جائیں گے، وہ یوں خوش ہو جائیں گے جس طرح دل مَے پینے سے خوش ہو جاتا ہے۔ اُن کے بچے یہ دیکھ کر باغ باغ ہو جائیں گے، اُن کے دل رب کی خوشی منائیں گے۔