14. اور داؤُد خُداوند کے حضُور اپنے سارے زور سے ناچنے لگا اورداؤُد کتان کا افُود پہنے تھا۔
15. سو داؤُد اور اِسرا ئیل کا سارا گھرانا خُداوند کے صندُوق کو للکارتے اور نرسِنگا پُھونکتے ہُوئے لائے۔
16. اور جب خُداوند کا صندُوق داؤُد کے شہر کے اندر آ رہا تھا تو ساؤُل کی بیٹی مِیکل نے کِھڑکی سے نِگاہ کی اورداؤُد بادشاہ کو خُداوند کے حضُور اُچھلتے اور ناچتے دیکھا ۔ سو اُس نے اپنے دِل ہی دِل میں اُسے حقِیر جانا۔
17. اور وہ خُداوند کے صندُوق کو اندر لائے اور اُسے اُس کی جگہ پر اُس خَیمہ کے بِیچ میں جو داؤُد نے اُس کے لِئے کھڑا کِیا تھا رکھّا اور داؤُد نے سوختنی قُربانیاں اور سلامتی کی قُربانیاں خُداوند کے آگے چڑھائِیں۔
18. اور جب داؤُد سوختنی قُربانی اور سلامتی کی قُربانیاں چڑھا چُکا تو اُس نے ربُّ الافواج کے نام سے لوگوں کو برکت دی۔
19. اور اُس نے سب لوگوں یعنی اِسرا ئیل کے سارے انبوہ کے مَردوں اور عَورتوں دونوں کو ایک ایک روٹی اور ایک ایک ٹُکڑا گوشت اور کِشمِش کی ایک ایک ٹِکیا بانٹی ۔ پِھر سب لوگ اپنے اپنے گھر چلے گئے۔