18. اور ضرویا ہ کے بیٹے یُوآب کا بھائی ابِیشے اُن تِینوں میں افضل تھا ۔ اُس نے تِین سَو پر اپنا بھالا چلا کر اُن کو قتل کِیا اور تِینوں میں نامی تھا۔
19. کیا وہ اُن تِینوں میں مُعزّز نہ تھا؟ اِسی لِئے وہ اُن کا سردار ہُؤا تَو بھی وہ اُن پہلے تِینوں کے برابر نہیں ہونے پایا۔
20. اور یہو یدع کا بیٹا بنایا ہ قبضِیل کے ایک سُورما کا بیٹا تھا جِس نے بڑے بڑے کام کِئے تھے ۔ اِس نے موآب کے اری ایل کے دونوں بیٹوں کو قتل کِیا اور جا کر برف کے مَوسم میں ایک غار کے بِیچ ایک شیرِ بَبر کو مارا۔
21. اور اُس نے ایک جسِیم مِصری کو قتل کِیا ۔ اُس مِصری کے ہاتھ میں بھالا تھا پر یہ لاٹھی ہی لِئے ہُوئے اُس پر لپکا اور مِصری کے ہاتھ سے بھالا چِھین لِیا اور اُسی کے بھالے سے اُسے مارا۔
22. پس یہوید ع کے بیٹے بنایاہ نے اَیسے اَیسے کام کِئے اور تِینوں بہادُروں میں نامی تھا۔
23. وہ اُن تِیسوں سے زِیادہ مُعزّز تھا پر وہ اُن پہلے تِینوں کے برابر نہیں ہونے پایا اور داؤُد نے اُسے اپنے مُحافِظ سِپاہِیوں پر مُقرّر کِیا۔