5. اور وہ صندُوق کو اور خَیمۂِ اِجتماع کو اور سب مُقدّس ظرُوف کو جو اُس خَیمہ میں تھے لے آئے ۔ اِن کو لاوی کاہِن لائے تھے۔
6. اور سُلیما ن بادشاہ اور اِسرائیل کی ساری جماعت نے جو اُس کے پاس اِکٹّھی ہُوئی تھی صندُوق کے آگے کھڑے ہو کر بھیڑ بکریاں اور بَیل ذبح کِئے اَیسا کہ کثرت کی وجہ سے اُن کا شُمار و حِساب نہیں ہو سکتا تھا۔
7. اور کاہِنوں نے خُداوند کے عہد کے صندُوق کو اُس کی جگہ مسکن کی اِلہام گاہ میں جو پاکترِین مکان ہے یعنی کرُّوبیوں کے بازُوؤں کے نِیچے لا کر رکھّا۔
8. اور کرُّوبی اپنے بازُو صندُوق کی جگہ کے اُوپر پَھیلائے ہُوئے تھے اور یُوں کرُّوبی صندُوق اور اُس کی چوبوں کو اُوپر سے ڈھانکے ہُوئے تھے۔
9. اور وہ چوبیں اَیسی لمبی تِھیں کہ اُن کے سِرے صندُوق سے نِکلے ہُوئے اِلہام گاہ کے آگے دِکھائی دیتے تھے پر باہِر سے نظر نہیں آتے تھے اور وہ آج کے دِن تک وہِیں ہیں۔
10. اور اُس صندُوق میں کُچھ نہ تھا سِوا پتّھر کی اُن دو لَوحوں کے جِن کو مُوسیٰ نے حور ب پر اُس میں رکھّا تھا جب خُداوند نے بنی اِسرائیل سے جِس وقت وہ مِصر سے نِکلے تھے عہد باندھا۔