1. اور سُلیما ن یروشلیِم میں کوہِ موریا ہ پر جہاں اُس کے باپ داؤُد نے رویت دیکھی اُسی جگہ جِسیداؤُد نے تیّاری کر کے مُقرّر کِیا یعنی اُرنان یبُوسی کے کھلِیہان میں خُداوند کا گھر بنانے لگا۔
2. اور اُس نے اپنی سلطنت کے چَوتھے برس کے دُوسرے مہِینے کی دُوسری تارِیخ کو بنانا شرُوع کِیا۔
3. اور جو بُنیاد سُلیما ن نے خُدا کے گھر کی تعمِیر کے لِئے ڈالی وہ یہ ہے ۔ اُس کا طُول ہاتھوں کے حِساب سے پہلے ناپ کے مُوافِق ساٹھ ہاتھ اور عرض بِیس ہاتھ تھا۔
4. اور گھر کے سامنے کے اُسارے کی لمبائی گھر کی چَوڑائی کے مُطابِق بِیس ہاتھ اور اُونچائی ایک سَو بِیس ہاتھ تھی اور اُس نے اُسے اندر سے خالِص سونے سے منڈھا۔
5. اور اُس نے بڑے گھر کی چھت صنوبر کے تختوں سے پٹوائی جِن پر چوکھا سونا منڈھا تھا اور اُس کے اُوپر کھجُور کے درخت اور زنجِیریں بنائِیں۔
6. اور خُوب صُورتی کے لِئے اُس نے اُس گھر کو بیش قِیمت جواہِر سے آراستہ کِیا اور سونا پروا ئِم کا سونا تھا۔