2. اور سُلیما ن نے ستّر ہزار باربردار اور پہاڑ میں اسّی ہزار پتّھر کاٹنے والے اور تِین ہزار چھ سَو آدمی اُن کی نِگرانی کے لِئے گِن کر ٹھہرا دِئے۔
3. اور سُلیما ن نے صُور کے بادشاہ حُورا م کے پاس کہلا بھیجا کہ جَیسا تُو نے میرے باپ داؤُد کے ساتھ کِیا اور اُس کے پاس دیودار کی لکڑی بھیجی کہ وہ اپنے رہنے کے لِئے ایک گھر بنائے وَیسا ہی میرے ساتھ بھی کر۔
4. مَیں خُداوند اپنے خُدا کے نام کے لِئے ایک گھر بنانے کو ہُوں کہ اُس کے لِئے مُقدّس کرُوں اور اُس کے آگے خُوشبُودار مصالِح کا بخُور جلاؤُں اور وہ سبتوں اور نئے چاندوں اور خُداوند ہمارے خُدا کی مُقرّرہ عِیدوں پر دائِمی نذر کی روٹی اور صُبح اور شام کی سوختنی قُربانیوں کے لِئے ہو کیونکہ یہ ابد تک اِسرائیل پر فرض ہے۔
5. اور وہ گھر جو مَیں بنانے کو ہُوں عظِیمُ الشان ہو گا کیونکہ ہمارا خُدا سب معبُودوں سے عظِیم ہے۔