یشُوع 3:7-17 Urdu Bible Revised Version (URD)

7. اور خُداوند نے یشُوع سے کہا آج کے دِن سے مَیں تُجھے سب اِسرائیلِیوں کے سامنے سرفراز کرنا شرُوع کرُوں گا تاکہ وہ جان لیں کہ جَیسے مَیں مُوسیٰ کے ساتھ رہا وَیسے ہی تیرے ساتھ رہُوں گا۔

8. اور تُو اُن کاہِنوں کو جو عہد کے صندُوق کو اُٹھائیں یہ حُکم دینا کہ جب تُم یَردن کے پانی کے کنارے پُہنچو تو یَردن میں کھڑے رہنا۔

9. اور یشُوع نے بنی اِسرائیل سے کہا کہ پاس آکر خُداوند اپنے خُدا کی باتیں سُنو۔

10. اور یشُوع کہنے لگا کہ اِس سے تُم جان لو گے کہ زِندہ خُدا تُمہارے درمِیان ہے اور وُہی ضرُور کنعانیوں اور حتِّیوں اور حویّوں اور فرِزّیوں اور جرجاسیوں اور امورِیوں اور یبُوسیوں کو تُمہارے آگے سے دفع کرے گا۔

11. دیکھو ساری زمِین کے مالِک کے عہد کا صندُوق تُمہارے آگے آگے یَردن میں جانے کو ہے۔

12. سو اب تُم ہر قبِیلہ پِیچھے ایک آدمی کے حِساب سے بارہ آدمی اِسرا ئیل کے قبِیلوں میں سے چُن لو۔

13. اور جب یَردن کے پانی میں اُن کاہِنوں کے پاؤں کے تلوے ٹِک جائیں گے جو خُداوند یعنی ساری دُنیا کے مالِک کے عہد کا صندُوق اُٹھاتے ہیں تو یَردن کا پانی یعنی وہ پانی جو اُوپر سے بہتا ہُؤا نِیچے آتا ہے تھم جائے گا اور اُس کا ڈھیر لگ جائے گا۔

14. اور جب لوگوں نے یَردن کے پار جانے کو اپنے ڈیروں سے کُوچ کِیا اور وہ کاہِن جو عہد کا صندُوق اُٹھائے ہُوئے تھے لوگوں کے آگے آگے ہو لِئے۔

15. اور جب عہد کے صندُوق کے اُٹھانے والے یَردن پر پُہنچے اور اُن کاہِنوں کے پاؤں جو صندُوق کو اُٹھائے ہُوئے تھے کنارے کے پانی میں ڈُوب گئے (کیونکہ فصل کے تمام ایّام میں یَردن کا پانی چاروں طرف اپنے کناروں سے اُوپر چڑھ کر بہا کرتا ہے)۔

16. تو جو پانی اُوپر سے آتا تھا وہ خُوب دُور ادم کے پاس جو ضرتا ن کے برابر ایک شہر ہے رُک کر ایک ڈھیر ہو گیا اور وہ پانی جو مَیدان کے دریا یعنی دریایِ شور کی طرف بہہ کر گیا تھا بِالکُل الگ ہو گیا اور لوگ عَین یرِیحوُ کے مُقابِل پار اُترے۔

17. اور وہ کاہِن جو خُداوند کے عہد کا صندُوق اُٹھائے ہُوئے تھے یَردن کے بِیچ میں سُوکھی زمِین پر کھڑے رہے اور سب اِسرائیلی خُشک زمِین پر ہو کر گُذرے ۔ یہاں تک کہ ساری قَوم صاف یَردن کے پار ہو گئی۔

یشُوع 3