یسعیاہ 58:9-14 Urdu Bible Revised Version (URD)

9. تب تُو پُکارے گا اور خُداوند جواب دے گا ۔ تُو چِلاّئے گااور وہ فرمائے گا مَیں یہاں ہُوں ۔اگر تُو اُس جُوئے کو اور اُنگلِیوں سے اِشارہ کرنے کو اور ہرزہ گوئی کواپنے درمِیان سے دُور کرے گا۔

10. اور اگر تُو اپنے دِل کو بُھوکے کی طرف مائِل کرے اورآزُردہ دِل کو آسُودہ کرے تو تیرا نُور تارِیکی میں چمکے گااور تیری تِیرگی دوپہر کی مانِند ہو جائے گی۔

11. اور خُداوند سدا تیری راہنُمائی کرے گا اور خُشک سالی میں تُجھے سیر کرے گا اور تیری ہڈِّیوں کو قُوّت بخشے گا۔ پس تُو سیراب باغ کی مانِند ہو گا اور اُس چشمہ کی مانِند جِس کا پانی کم نہ ہو۔

12. اور تیرے لوگ قدِیم وِیران مکانوں کو تعمِیر کریں گے اور تُو پُشت در پُشت کی بُنیادوں کو برپا کرے گا ۔ اورتُو رخنہ کا بند کرنے والا اور آبادی کے لِئے راہ کادرُست کرنے والا کہلائے گا۔

13. اگر تُو سبت کے روز اپنا پاؤں روک رکھّے اور میرے مُقدّس دِن میں اپنی خُوشی کا طالِب نہ ہو اور سبت کو راحت اور خُداوند کا مُقدّس اور مُعظّم کہے اور اُس کی تعظِیم کرے ۔ اپنا کاروبار نہ کرے اور اپنی خُوشی اوربے فائِدہ باتوں سے دست بردار رہے۔

14. تب تُو خُداوند مَیں مسرُور ہو گا اور مَیں تُجھے دُنیاکی بُلندِیوں پر لے چلُوں گا اور مَیں تُجھے تیرے باپ یعقُو ب کی مِیراث سے کِھلاؤُں گا کیونکہ خُداوند ہی کے مُنہ سے یہ اِرشاد ہُؤا ہے۔

یسعیاہ 58