14. پس اَے ٹھٹّھا کرنے والو! جو یروشلیِم کے اِن باشِندوں پر حُکمرانی کرتے ہو! خُداوند کا کلام سُنو۔
15. چُونکہ تُم کہا کرتے ہو کہ ہم نے مَوت سے عہد باندھااور پاتال سے پَیمان کر لِیا ہے ۔ جب سزا کا سَیلاب آئے گاتو ہم تک نہیں پُہنچے گا کیونکہ ہم نے جُھوٹ کو اپنی پناہ گاہ بنایا ہے اور دروغ گوئی کی آڑ میں چُھپ گئے ہیں۔
16. اِس لِئے خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے ۔ دیکھو مَیںصِیُّون میں بُنیاد کے لِئے ایک پتّھر رکُھّوں گا ۔ آزمُودہ پتّھر ۔ مُحکم بُنیاد کے لِئے کونے کے سِرے کا قِیمتی پتّھر جو کوئی اِیمان لاتا ہے قائِم رہے گا۔
17. اور مَیں عدالت کو سُوت اور صداقت کو ساہُول بناؤُں گااور اولے جُھوٹ کی پناہ گاہ کو صاف کر دیں گے اور پانی چُھپنے کے مکان پر پَھیل جائے گا۔
18. اور تُمہارا عہد جو مَوت سے ہُؤا منسُوخ ہو جائے گااور تُمہارا پَیمان جو پاتال سے ہُؤا قائِم نہ رہے گا۔ جب سزا کا سَیلاب آئے گا تو تُم کو پامال کرے گا۔