14. وہ اپنی آواز بُلند کریں گے ۔ وہ گِیت گائیں گے ۔ خُداوندکے جلال کے سبب سے سمُندر سے للکاریں گے۔
15. پس تُم مشرِق میں خُداوند کی اور سمُندر کے جزِیروں میں خُداوند کے نام کی جو اِسرائیل کا خُدا ہے تمجِیدکرو۔
16. اِنتِہایِ زمِین سے نغموں کی آواز ہم کو سُنائی دیتی ہے ۔ جلال و عظمت صادِق کے لِئے!پر مَیں نے کہا مَیں گُداز ہو گیا ۔ مَیں ہلاک ہُؤا ۔ مُجھ پر افسوس! دغابازوں نے دغا کی ۔ ہاں دغابازوں نے بڑی دغا کی۔
17. اَے زمِین کے باشِندے! خَوف اور گڑھا اور دام تُجھ پر مُسِلّط ہیں۔
18. اور یُوں ہو گا کہ جو خَوفناک آواز سُن کر بھاگے گڑھے میں گِرے گا اور جو گڑھے سے نِکل آئے دام میں پھنسے گاکیونکہ آسمان کی کِھڑکیاں کُھل گئِیں اور زمِین کی بُنیادیں ہِل رہی ہیں۔
19. زمِین بِالکُل اُجڑ گئی ۔ زمِین یکسر شِکستہ ہُوئی اور شِدّت سے ہِلائی گئی۔