1. بنی اِسرائیل کے مُلکِ مِصر سے نِکلنے کے دُوسرے برس کے پہلے مہِینے میں خُداوند نے دشتِ سِینا میں مُوسیٰ سے کہا کہ۔
2. بنی اِسرائیل عِیدِ فَسح اُس کے مُعیّن وقت پر منائیں۔
3. اِسی مہِینے کی چَودھویں تارِیخ کی شام کو تُم وقتِ مُعیّن پر یہ عِید منانا اور جِتنے اُس کے آئِین اور رسُوم ہیں اُن سبھوں کے مُطابِق اُسے منانا۔
4. سو مُوسیٰ نے بنی اِسرائیل کو حُکم کِیا کہ عِیدِ فَسح کریں۔
5. اور اُنہوں نے پہلے مہِینے کی چَودھویں تارِیخ کی شام کو دشتِ سِینا میں عِیدِ فَسح کی اور بنی اِسرائیل نے سب پر جو خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا عمل کِیا۔
6. اور کئی آدمی اَیسے تھے جو کِسی لاش کے سبب سے ناپاک ہو گئے تھے ۔ وہ اُس روز فَسح نہ کر سکے ۔ سو وہ اُسی دِن مُوسیٰ اور ہارُون کے پاس آئے۔