14. یُوں تُو لاوِیوں کو بنی اِسرائیل سے الگ کرنا اور لاوی میرے ہی ٹھہریں گے۔
15. اِس کے بعد لاوی خَیمۂِ اِجتماع کی خِدمت کے لِئے اندر آیا کریں ۔ سو تُو اُن کو پاک کر اور ہِلانے کی قُربانی کے لِئے اُن کو گُذران۔
16. اِس لِئے کہ وہ سب کے سب بنی اِسرائیل میں سے مُجھے بِالکُل دے دِئے گئے ہیں کیونکہ مَیں نے اِن ہی کو اُن سبھوں کے بدلے جو اِسرائیلِیوں میں پہلوٹھی کے بچّے ہیں اپنے واسطے لے لِیا ہے۔
17. اِس لِئے کہ بنی اِسرائیل کے سب پہلوٹھے کیا اِنسان کیا حَیوان میرے ہیں ۔ مَیں نے جِس دِن مُلکِ مِصر کے پہلوٹھوں کو مارا اُسی دِن اُن کو اپنے لِئے مُقدّس کِیا۔
18. اور بنی اِسرائیل کے سب پہلوٹھوں کے بدلے مَیں نے لاوِیوں کو لے لِیا ہے۔
19. اور مَیں نے بنی اِسرائیل میں سے لاوِیوں کو لے کر اُن کو ہارُون اور اُس کے بیٹوں کو عطا کِیا ہے تاکہ وہ خَیمۂِ اِجتماع میں بنی اِسرائیل کی جگہ خِدمت کریں اور بنی اِسرائیل کے لِئے کفّارہ دِیا کریں تاکہ جب بنی اِسرائیل مَقدِس کے نزدِیک آئیں تو اُن میں کوئی وبا نہ پَھیلے۔