15. اور جب ہارُون اور اُس کے بیٹے مَقدِس کو اور مَقدِس کے سب اسباب کو ڈھانک چُکیں تب خَیمہ گاہ کے کُوچ کے وقت بنی قہات اُس کے اُٹھانے کے لِئے آئیں ۔ لیکن وہ مَقدِس کو نہ چُھوئیں تا نہ ہو کہ وہ مَر جائیں ۔خَیمۂِ اِجتماع کی یِہی چِیزیں بنی قہات کے اُٹھانے کی ہیں۔
16. اور رَوشنی کے تیل اور خُوشبُودار بخُور اور دائِمی نذر کی قُربانی اور مَسح کرنے کے تیل اور سارے مسکن اور اُس کے لوازِم کی اور مَقدِس اور اُس کے سامان کی نِگہبانی ہارُون کاہِن کے بیٹے الیِعزر کے ذِمّہ ہو۔
17. اور خُداوند نے مُوسیٰ اور ہارُون سے کہا کہ۔
18. تُم لاوِیوں میں سے قہاتیوں کے قبِیلہ کے خاندانوں کو مُنقطع ہونے نہ دینا۔
19. بلکہ اِس مقصُود سے کہ جب وہ پاکترین چِیزوں کے پاس آئیں تو جِیتے رہیں اور مَر نہ جائیں تُم اُن کے لِئے اَیسا کرنا کہ ہارُون اور اُس کے بیٹے اندر آ کر اُن میں سے ایک ایک کا کام اور بوجھ مُقرّر کر دیں۔
20. لیکن وہ مَقدِس کو دیکھنے کی خاطِر دَم بھر کے لِئے بھی اندر نہ آنے پائیں تا نہ ہو کہ وہ مَر جائیں۔
21. پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔
22. بنی جیرسون میں سے بھی اُن کے آبائی خاندانوں اور گھرانوں کے مُطابِق۔
23. تِیس برس سے لے کر پچاس برس تک کی عُمر کے جِتنے خَیمۂِ اِجتماع میں کام کرنے کے لِئے مَقدِس کی خِدمت کے وقت حاضِر رہتے ہیں اُن سبھوں کو گِن۔
24. جیرسونیوں کے خاندانوں کا کام خِدمت کرنے اور بوجھ اُٹھانے کا ہے۔
25. وہ مسکن کے پردوں کو اور خَیمۂِ اِجتماع اور اُس کے غِلاف کو اور اُس کے اُوپر کے غِلاف کو جو تُخس کی کھالوں کا ہے اور خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ کے پردہ کو۔
26. اور مسکن اور مذبح کے گِرداگِرد کے صحن کے پردوں کو اور صحن کے دروازہ کے پردہ کو اور اُن کی رسِّیوں کو اور خِدمت کے سب ظُروف کو اُٹھایا کریں اور اِن چِیزوں سے جو جو کام لِیا جاتا ہے وہ بھی یِہی لوگ کِیا کریں۔