2. اور ہارُون کے بیٹوں کے نام یہ ہیں ندب جو پہلوٹھا تھا اور اَبِیہُو اور الیعزر اور اِتمر۔
3. ہارُون کے بیٹے جو کہانت کے لِئے ممسُوح ہُوئے اور جِن کو اُس نے کہانت کی خِدمت کے لِئے مخصُوص کِیا تھا اُن کے نام یِہی ہیں۔
4. اور ندب اور اَبِیہُو تو جب اُنہوں نے دشتِ سِینا میں خُداوند کے حضُور اُوپری آگ گُذرانی تب ہی خُداوند کے سامنے مَر گئے اور وہ بے اَولاد بھی تھے اور الیعزر اور اِتمر اپنے باپ ہارُون کے سامنے کہانت کی خِدمت کو انجام دیتے تھے۔
5. اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔
6. لاوی کے قبِیلہ کو نزدِیک لا کر ہارُون کاہِن کے آگے حاضِر کر تاکہ وہ اُس کی خِدمت کریں۔
7. اور جو کُچھ اُس کی طرف سے اور جماعت کے طرف سے اُن کو سَونپا جائے وہ سب کی خَیمۂِ اِجتماع کے آگے نِگہبانی کریں تاکہ مسکن کی خِدمت بجا لائیں۔
8. اور وہ خَیمۂِ اِجتماع کے سب سامان کی اور بنی اِسرائیل کی ساری امانت کی حِفاظت کریں تاکہ مسکن کی خِدمت بجا لائیں۔
9. اور تُو لاوِیوں کو ہارُون اور اُس کے بیٹوں کے ہاتھ میں سپُرد کر ۔ بنی اِسرائیل کی طرف سے وہ بِالکل اُسے دے دِئے گئے ہیں۔
10. اور ہارُون اور اُس کے بیٹوں کو مُقرّر کر اور وہ اپنی کہانت کو محفُوظ رکھّیں اور اگر کوئی اجنبی نزدِیک آئے تو وہ جان سے مارا جائے۔
11. اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔
12. دیکھ مَیں نے بنی اِسرائیل میں سے لاوِیوں کو اُن سبھوں کے بدلے لے لِیا ہے جو اِسرائیلیوں میں پہلوٹھی کے بچّے ہیں ۔ سو لاوی میرے ہوں۔
13. کیونکہ سب پہلوٹھے میرے ہیں اِس لِئے کہ جِس دِن مَیں نے مُلکِ مِصر میں سب پہلوٹھوں کو مارا اُسی دِن مَیں نے بنی اِسرائیل کے سب پہلوٹھوں کو کیا اِنسان اور کیا حَیوان اپنے لِئے مُقدّس کِیا سو وہ ضرُور میرے ہوں ۔ مَیں خُداوند ہُوں۔
14. پِھر خُداوند نے دشتِ سِینا میں مُوسیٰ سے کہا۔