18. پر شاہِ ادُوم نے کہلا بھیجا کہ تُو میرے مُلک سے ہو کر جانے نہیں پائے گا ورنہ مَیں تلوار لے کر تیرا مُقابلہ کرُوں گا۔
19. بنی اِسرائیل نے اُسے پِھر کہلا بھیجا کہ ہم سڑک ہی سڑک جائیں گے اور اگر ہم یا ہمارے چَوپائے تیرا پانی بھی پِئیں تو اُس کا دام دیں گے ۔ ہم کو اَور کُچھ نہیں چاہئے سِوا اِس کے کہ ہم کو پاؤں پاؤں چل کر نِکل جانے دے۔
20. پر اُس نے کہا تُو ہرگِز نِکلنے نہیں پائے گا اور ادُو م اُس کے مُقابلہ کے لِئے بُہت سے آدمی اور ہتھیار لے کر نِکل آیا۔
21. یوں ادُو م نے اِسرا ئیل کو اپنی حدُود سے گُذرنے کا راستہ دینے سے اِنکار کِیا اِس لِئے اِسرا ئیل اُس کی طرف سے مُڑ گیا۔
22. اور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت قادِ س سے روانہ ہو کر کوہِ ہور پُہنچی۔