گِنتی 16:17-28 Urdu Bible Revised Version (URD)

17. اور تُم میں سے ہر شخص اپنا بخُور دان لے کر اُس میں بخُور ڈالے اور تُم اپنے اپنے بخُور دان کو جو شُمار میں ڈھائی سَو ہوں گے خُداوند کے حضُور لاؤ اور تُو بھی اپنا بخُور دان لانا اور ہارُون بھی لائے۔

18. سو اُنہوں نے اپنا اپنا بخُور دان لے کر اور اُن میں آگ رکھ کر اُس پر بخُور ڈالا اور خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر مُوسیٰ اور ہارُون کے ساتھ آکر کھڑے ہُوئے۔

19. اور قورَح نے ساری جماعت کو اُن کے خِلاف خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر جمع کر لِیا تھا ۔ تب خُداوند کا جلال ساری جماعت کے سامنے نُمایاں ہُؤا۔

20. اور خُداوند نے مُوسیٰ اور ہارُون سے کہا۔

21. کہ تُم اپنے آپ کو اِس جماعت سے بِالُکل الگ کر لو تاکہ مَیں اُن کو ایک پل میں بھسم کر دُوں۔

22. تب وہ مُنہ کے بل گِر کر کہنے لگے اَے خُدا! سب بشر کی رُوحوں کے خُدا! کیا ایک آدمی کے گُناہ کے سبب سے تیرا قہر ساری جماعت پر ہو گا؟۔

23. تب خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

24. تُو جماعت سے کہہ کہ تُم قورح اور داتن اور ابیرا م کے خَیموں کے آس پاس سے دُور ہٹ جاؤ۔

25. اور مُوسیٰ اُٹھ کر داتن اور ابیرا م کی طرف گیا اور بنی اِسرائیل کے بزُرگ اُس کے پِیچھے پِیچھے گئے۔

26. اور اُس نے جماعت سے کہا اِن شرِیر آدمِیوں کے خَیموں سے نِکل جاؤ اور اُن کی کِسی چِیز کو ہاتھ نہ لگاؤ تا نہ ہو کہ تُم بھی اُن کے سب گُناہوں کے سبب سے نیست ہو جاؤ۔

27. سو وہ لوگ قورح اور داتن اور ابیرا م کے خَیموں کے آس پاس سے دُور ہٹ گئےاور داتن اور ابیرا م اپنی بِیویوں اور بیٹوں اور بال بچّوں سمیت نِکل کر اپنے خَیموں کے دروازوں پر کھڑے ہُوئے۔

28. تب مُوسیٰ نے کہا اِس سے تُم جان لو گے کہ خُداوند نے مُجھے بھیجا ہے کہ یہ سب کام کرُوں کیونکہ مَیں نے اپنی مرضی سے کُچھ نہیں کِیا۔

گِنتی 16