1. اور قورح بِن اِضہار بِن قہات بِن لاو ی نے بنی رُوبن میں سے الِیاب کے بیٹوں داتن اور اَبِیرام اور پلت کے بیٹے اون کے ساتھ مِل کر اَور آدمِیوں کو ساتھ لیا۔
2. اور وہ اور بنی اِسرائیل میں سے ڈھائی سَو اَور اشخاص جو جماعت کے سردار اور چِیدہ اور مشہُور آدمی تھے مُوسیٰ کے مُقابلہ میں اُٹھے۔
3. اور وہ مُوسیٰ اور ہارُون کے خِلاف اِکٹّھے ہو کر اُن سے کہنے لگے تُمہارے تو بڑے دعوے ہو چلے ۔ کیونکہ جماعت کا ایک ایک آدمی مُقدّس ہے اور خُداوند اُن کے بِیچ رہتا ہے سو تُم اپنے آپ کو خُداوند کی جماعت سے بڑا کیونکر ٹھہراتے ہو؟۔
4. مُوسیٰ یہ سُن کر مُنہ کے بل گِرا۔
5. پِھر اُس نے قورح اور اُس کے کُل فریق سے کہا کہ کل صُبح خُداوند دِکھا دے گا کہ کَون اُس کا ہے اور کَون مُقدّس ہے اور وہ اُسی کو اپنے نزدِیک آنے دے گا کیونکہ جِسے وہ خُود چُنے گا اُسے وہ اپنی قُربت بھی دے گا۔
6. سو اَے قورح اور اُس کے فریق کے لوگو! تُم یُوں کرو کہ اپنا اپنا بخُوردان لو۔
7. اور اُن میں آگ بھرو اور خُداوند کے حضُور کل اُن میں بخُور جلاؤ ۔ تب جِس شخص کو خُداوند چُن لے وُہی مُقدّس ٹھہرے گا ۔ اَے لاو ی کے بیٹو! بڑے بڑے دعوے تو تُمہارے ہیں۔
8. پِھر مُوسیٰ نے قورح کی طرف مُخاطِب ہو کر کہا اَے بنی لاوی سُنو۔
9. کیا یہ تُم کو چھوٹی بات دِکھائی دیتی ہے کہ اِسرا ئیل کے خُدا نے تُم کو بنی اِسرائیل کی جماعت میں سے چُن کر الگ کِیا تاکہ تُم کو وہ اپنی قُربت بخشے اور تُم خُداوند کے مسکن کی خِدمت کرو اور جماعت کے آگے کھڑے ہو کر اُس کی بھی خِدمت بجا لاؤ۔
10. اور تُجھے اور تیرے سب بھائیوں کو جو بنی لاوی ہیں اپنے نزدِیک آنے دِیا؟ سو کیا اب تُم کہانت کو بھی چاہتے ہو؟۔