9. دو دو نر اور مادہ کشتی میں نُوح کے پاس گئے جَیسا خُدا نے نُوح کو حُکم دِیا تھا۔
10. اور سات دِن کے بعد اَیسا ہُؤا کہ طُوفان کا پانی زمِین پر آ گیا۔
11. نُوح کی عُمر کا چھ سَواں سال تھا کہ اُس کے دُوسرے مہِینے کی ٹِھیک سترھویں تارِیخ کو بڑے سمُندر کے سب سوتے پُھوٹ نِکلے اور آسمان کی کِھڑکِیاں کُھل گئیں۔
12. اور چالِیس دِن اور چالِیس رات زمِین پر بارِش ہوتی رہی۔
13. اُسی روز نُوح اور نُوح کے بیٹے سِم اور حام اور یافت اور نُوح کی بِیوی اور اُس کے بیٹوں کی تینوں بِیویاں۔
14. اور ہر قِسم کا جانور اور ہر قِسم کا چَوپایہ اور ہر قِسم کا زمِین پر کا رینگنے والا جان دار اور ہر قِسم کا پرِندہ اور ہر قِسم کی چِڑیا یہ سب کشتی میں داخِل ہُوئے۔
15. اور جو زِندگی کا دَم رکھتے ہیں اُن میں سے دو دو کشتی میں نُوح کے پاس آئے۔
16. اور جو اندر آئے وہ جَیسا خُدا نے اُسے حُکم دِیا تھا سب جانوروں کے نر و مادہ تھے ۔ تب خُداوند نے اُس کو باہر سے بند کر دِیا۔
17. اور چالِیس دِن تک زمِین پر طُوفان رہا اور پانی بڑھا اور اُس نے کشتی کو اُوپر اُٹھا دِیا ۔ سو کشتی زمِین پر سے اُٹھ گئی۔
18. اور پانی زمِین پر چڑھتا ہی گیا اور بُہت بڑھا اور کشتی پانی کے اُوپر تَیرتی رہی۔