مُکاشفہ 14:13-20 Urdu Bible Revised Version (URD)

13. پِھر مَیں نے آسمان میں سے یہ آواز سُنی کہ لِکھ! مُبارک ہیں وہ مُردے جو اَب سے خُداوند میں مَرتے ہیں ۔رُوح فرماتا ہے بیشک! کیونکہ وہ اپنی مِحنتوں سے آرام پائیں گے اور اُن کے اَعمال اُن کے ساتھ ساتھ ہوتے ہیں۔

14. پِھر مَیں نے نِگاہ کی تو کیا دیکھتا ہُوں کہ ایک سفید بادِل ہے اور اُس بادِل پر آدم زاد کی مانِند کوئی بَیٹھا ہے جِس کے سر پر سونے کا تاج اور ہاتھ میں تیز دَرانتی ہے۔

15. پِھر ایک اَور فرِشتہ نے مَقدِس سے نِکل کر اُس بادِل پر بَیٹھے ہُوئے سے بڑی آواز کے ساتھ پُکار کر کہا کہ اپنی درانتی چلا کر کاٹ کیونکہ کاٹنے کا وقت آ گیا ۔ اِس لِئے کہ زمِین کی فصل بُہت پَک گئی۔

16. پس جو بادل پر بَیٹھا تھا اُس نے اپنی دَرانتی زمِین پر ڈال دی اور زمِین کی فصل کَٹ گئی۔

17. پِھر ایک اَور فرِشتہ اُس مَقدِس میں سے نِکلا جو آسمان پر ہے ۔ اُس کے پاس بھی تیز دَرانتی تھی۔

18. پِھر ایک اَور فرِشتہ قُربان گاہ سے نِکلا جِس کا آگ پر اِختیار تھا ۔ اُس نے تیز دَرانتی والے سے بڑی آواز سے کہا کہ اپنی تیز دَرانتی چلا کر زمِین کے انگُور کے درخت کے گُچّھے کاٹ لے کیونکہ اُس کے انگُور بِالکُل پَک گئے ہیں۔

19. اور اُس فرِشتہ نے اپنی دَرانتی زمِین پر ڈالی اور زمِین کے انگُور کے درخت کی فصل کاٹ کر خُدا کے قَہر کے بڑے حَوض میں ڈال دی۔

20. اور شہر کے باہر اُس حَوض میں انگُور رَوندے گئے اور حَوض میں سے اِتنا خُون نِکلا کہ گھوڑوں کی لگاموں تک پُہنچ گیا اور سولہ سَو فرلانگ تک بہہ نِکلا۔

مُکاشفہ 14