مرقس 12:2-15 Urdu Bible Revised Version (URD)

2. پِھر پَھل کے مَوسم میں اُس نے ایک نَوکر کو باغبانوں کے پاس بھیجا تاکہ باغبانوں سے تاکِستان کے پَھلوں کا حِصّہ لے لے۔

3. لیکن اُنہوں نے اُسے پکڑ کر پِیٹا اور خالی ہاتھ لَوٹا دِیا۔

4. اُس نے پِھر ایک اَور نَوکر کو اُن کے پاس بھیجا مگر اُنہوں نے اُس کاسر پھوڑ دِیا اور بے عِزّت کِیا۔

5. پِھراُس نے ایک اَور کو بھیجا ۔ اُنہوں نے اُسے قتل کِیا ۔ پِھر اَور بُہتیروں کو بھیجا ۔ اُنہوں نے اُن میں سے بعض کو پِیٹا اور بعض کو قتل کِیا۔

6. اب ایک باقی تھا جو اُس کاپیارا بیٹا تھا اُس نے آخِر اُسے اُن کے پاس یہ کہہ کر بھیجا کہ وہ میرے بیٹے کا تو لِحاظ کریں گے۔

7. لیکن اُن باغبانوں نے آپس میں کہا یِہی وارِث ہے ۔ آؤ اِسے قتل کر ڈالیں ۔ مِیراث ہماری ہو جائے گی۔

8. پس اُنہوں نے اُسے پکڑ کر قتل کِیا اور تاکِستان کے باہر پَھینک دِیا۔

9. اب تاکِستان کا مالِک کیا کرے گا؟ وہ آئے گا اور اُن باغبانوں کو ہلاک کر کے تاکِستان اَوروں کو دے دے گا۔

10. کیا تُم نے یہ نوِشتہ بھی نہیں پڑھاکہجِس پتّھر کو مِعماروں نے رّد کیاوُہی کونے کے سِرے کا پتّھر ہو گیا۔

11. یہ خُداوند کی طرف سے ہُؤااور ہماری نظر میں عجِیب ہے؟۔

12. اِس پر وہ اُسے پکڑنے کی کوشِش کرنے لگے مگر لوگوں سے ڈرے کیونکہ وہ سمجھ گئے تھے کہ اُس نے یہ تمثِیل اُن ہی پر کہی ۔ پس وہ اُسے چھوڑ کر چلے گئے۔

13. پِھراُنہوں نے بعض فرِیسِیوں اور ہیرودِیوں کو اُس کے پاس بھیجا تاکہ باتوں میں اُس کو پھنسائیں۔

14. اور اُنہوں نے آکر اُس سے کہا اَے اُستاد ہم جانتے ہیں کہ تُو سچّا ہے اور کِسی کی پروا نہیں کرتا کیونکہ تُو کِسی آدمی کا طرفدار نہیں بلکہ سچّائی سے خُدا کی راہ کی تعلِیم دیتا ہے۔

15. پس قَیصر کو جِزیہ دینا روا ہے یا نہیں؟ ہم دیں یا نہ دیں؟اُس نے اُن کی رِیاکاری معلُوم کر کے اُن سے کہا تُم مُجھے کیوں آزماتے ہو؟ میرے پاس ایک دِینار لاؤ کہ مَیں دیکُھوں۔

مرقس 12