24. اور اِن سبھوں کو ہارُو ن اور اُس کے بیٹوں کے ہاتھوں پر رکھّ کر اِن کو خُداوند کے رُوبرُو ہِلانا تاکہ یہ ہِلانے کا ہدیہ ہو۔
25. پِھراِن کو اُن کے ہاتھوں سے لے کر قُربان گاہ پر سوختنی قُربانی کے اُوپر جلا دینا تاکہ وہ خُداوند کے آگے راحت انگیز خُوشبُو ہو۔ یہ خُداوند کے لِئے آتشین قُربانی ہے۔
26. اور تُو ہارُو ن کے تخصِیصی مینڈھے کا سِینہ لے کر اُس کو خُداوند کے رُوبرُو ہِلاناتاکہ وہ ہِلانے کا ہدیہ ہو۔یہ تیرا حِصّہ ٹھہرے گا۔
27. اور تُو ہارُو ن اور اُس کے بیٹوں کے تخصِیصی مینڈھے کے ہِلانے کے ہدیہ کے سِینہ کو جو ہِلایا جا چُکا ہے اور اُٹھائے جانے کے ہدیہ کی ران کو جو اُٹھائی جا چُکی ہے لے کر اُن دونوں کو پاک ٹھہرانا۔
28. تاکہ یہ سب بنی اِسرائیل کی طرف سے ہمیشہ کے لِئے ہارُو ن اور اُس کے بیٹوں کا حق ہو کیونکہ یہ اُٹھائے جانے کا ہدیہ ہے ۔ سو یہ بنی اِسرائیل کی طرف سے اُن کی سلامتی کے ذبِیحوں میں سے اُٹھائے جانے کا ہدیہ ہو گا جو اُن کی طرف سے خُداوند کے لِئے اُٹھایا گیا ہے۔
29. اور ہارُو ن کے بعد اُس کے پاک لِباس اُس کی اَولاد کے لِئے ہوں گے تاکہ اُن ہی میں وہ مَسح و مخصُوص کِئے جائیں۔
30. اُس کا جو بیٹا اُس کی جگہ کاہِن ہو وہ جب پاک مقام میں خِدمت کرنے کو خَیمۂِ اِجتماع میں داخِل ہو تو اُن کو سات دِن تک پہنے رہے۔
31. اور تُو تخصِیصی مینڈھے کو لے کر اُس کے گوشت کو کِسی پاک جگہ میں اُبالنا۔
32. اور ہارُون اور اُس کے بیٹے مینڈھے کا گوشت اور ٹوکری کی روٹیاں خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر کھائیں۔