6. اور وہ افُود سونے اور آسمانی اور ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان کا بنائیں جو کِسی ماہِر اُستاد کے ہاتھ کا کام ہو۔
7. اور وہ اِس طرح سے جوڑا جائے کہ اُس کے دونوں مونڈھوں کے سِرے آپس میں مِلا دِئے جائیں۔
8. اور اُس کے اُوپر جو کارِیگری سے بُنا ہُؤا پٹکا اُس کے باندھنے کے لِئے ہو گا اُس پر افُود کی طرح کام ہو اور وہ اُسی کپڑے کا ہو اور سونے اور آسمانی اور ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان کا بُنا ہُؤا ہو۔
9. اور تُو دو سُلیمانی پتّھر لے کر اُن پر اِسرا ئیل کے بیٹوں کے نام کندہ کرانا۔
10. اُن میں سے چھ کے نام تو ایک پتّھرپر اور باقیوں کے چھ نام دُوسرے پتّھرپر اُن کی پَیدایش کی ترتِیب کے مُوافِق ہوں۔
11. تُو پتّھر کے کندہ کار کو لگا کر انگشتری کے نقش کی طرح اِسرا ئیل کے بیٹوں کے نام اُن دونوں پتّھروں پر کندہ کرا کے اُن کو سونے کے خانوں میں جڑوانا۔
12. اور دونوں پتّھروں کو افُود کے دونوں مونڈھوں پر لگانا تاکہ یہ پتّھر اِسرا ئیل کے بیٹوں کی یادگاری کے لِئے ہوں اور ہارُو ن اُن کے نام خُداوند کے رُوبرُو اپنے دونوں کندھوں پر یادگاری کے لِئے لگائے رہے۔
13. اور تُو سونے کے خانے بنانا۔
14. اور خالِص سونے کی دو زنجیریں ڈوری کی طرح گُندھی ہُوئی بنانا اور اِن گُندھی ہُوئی زنجیروں کو خانوں میں جڑ دینا۔
15. اور عدل کا سِینہ بند کِسی ماہِر اُستاد سے بنوانااور افُود کی طرح سونے اور آسمانی اور ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان کا بنوانا۔
16. وہ چَوکُھونٹا اور دُہرا ہو ۔ اُس کی لمبائی ایک بالِشت اور چَوڑائی بھی ایک ہی بالِشت ہو۔
17. اور چار قطاروں میں اُس پر جواہِرجڑنا ۔ پہلی قطار میں یاقوتِ سُرخ اور پُکھراج اور گوہر ِشب چراغ ہو۔