حِزقی ایل 34:10-26 Urdu Bible Revised Version (URD)

10. خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں چرواہوں کا مُخالِف ہُوں اور اپنا گلّہ اُن کے ہاتھ سے طلب کرُوں گا اور اُن کو گلّہ بانی سے معزُول کرُوں گا اور چرواہے آیندہ کو اپنا پیٹ نہ بھر سکیں گے کیونکہ مَیں اپنا گلّہ اُن کے مُنہ سے چُھڑا لُوں گا تاکہ وہ اُن کی خُوراک نہ ہو۔

11. کیونکہ خُداوند خُدا فرماتا ہے دیکھ مَیں خُود اپنی بھیڑوں کی تلاش کرُوں گا اور اُن کو ڈُھونڈ نِکالُوں گا۔

12. جِس طرح چرواہا اپنے گلّہ کی تلاش کرتا ہے جب کہ وہ اپنی بھیڑوں کے درمِیان ہو جو پراگندہ ہو گئی ہیں اُسی طرح مَیں اپنی بھیڑوں کو ڈُھونڈوں گا اور اُن کو ہر جگہ سے جہاں وہ ابر اور تارِیکی کے دِن تِتّربِتّر ہو گئی ہیں چُھڑا لاؤُں گا۔

13. اور مَیں اُن کو سب اُمّتوں کے درمِیان سے واپس لاؤُں گااور سب مُلکوں میں سے فراہم کرُوں گا اور اُن ہی کے مُلک میں پُہنچاؤُں گا اور اِسرائیل کے پہاڑوں پر نہروں کے کنارے اور زمِین کے تمام آباد مکانوں میں چراؤُں گا۔

14. اور اُن کو اچّھی چراگاہ میں چراؤُں گا اور اُن کی آرامگاہ اِسرائیل کے اُونچے پہاڑوں پر ہو گی ۔ وہاں وہ عُمدہ آرام گاہ میں لیٹیں گی اور ہری چراگاہ میں اِسرائیل کے پہاڑوں پر چریں گی۔

15. مَیں ہی اپنے گلّہ کو چراؤُں گا اور اُن کو لِٹاؤُں گا خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

16. مَیں گُم شُدہ کی تلاش کرُوں گا اور خارِج شُدہ کو واپس لاؤُں گا اور شِکستہ کو باندُھوں گا اور بِیماروں کو تقوِیّت دُوں گا لیکن موٹوں اور زبردستوں کو ہلاک کرُوں گا ۔ مَیں اُن کو سیاست کا کھانا کھِلاؤُں گا۔

17. اور تُمہارے حق میں خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے اَے میری بھیڑو دیکھو مَیں بھیڑ بکرِیوں اور مینڈھوں اور بکروں کے درمِیان اِمتِیاز کر کے اِنصاف کرُوں گا۔

18. کیا تُم کو یہ ہلکی سی بات معلُوم ہُوئی کہ تُم اچّھاسبزہ زار کھا جاؤ اور باقی ماندہ کو پاؤں سے لتاڑواور صاف پانی میں سے پِیو اور باقی ماندہ کو پاؤں سے گدلا کرو؟۔

19. اور جو تُم نے پاؤں سے لتاڑا ہے وہ میری بھیڑیں کھاتی ہیں اور جو تُم نے پاؤں سے گدلا کِیا پِیتی ہیں۔

20. اِس لِئے خُداوند خُدا اُن کو یُوں فرماتا ہے کہ دیکھومَیں ہاں مَیں موٹی اور دُبلی بھیڑوں کے درمِیان اِنصاف کرُوں گا۔

21. چُونکہ تُم نے پہلُو اور کندھے سے دھکیلا ہے اور تمام بِیماروں کو اپنے سِینگوں سے ریلا ہے یہاں تک کہ وہ تِتّربِتّر ہُوئے۔

22. اِس لِئے مَیں اپنے گلّہ کو بچاؤُں گا ۔ وہ پِھر کبھی شِکار نہ ہوں گے اور مَیں بھیڑ بکرِیوں کے درمیان اِنصاف کرُوں گا۔

23. اور مَیں اُن کے لِئے ایک چَوپان مُقرّر کرُوں گا اور وہ اُن کو چرائے گا یعنی میرا بندہ داؤُد ۔ وہ اُن کو چرائے گا اور وُہی اُن کا چَوپان ہو گا۔

24. اور مَیں خُداوند اُن کا خُدا ہُوں گا اور میرا بندہ داؤُد اُن کے درمِیان فرمانروا ہو گا ۔ مَیں خُداوندنے یُوں فرمایا ہے۔

25. اور مَیں اُن کے ساتھ صُلح کا عہد باندُھوں گا اور سب بُرے درِندوں کو مُلک سے نابُود کرُوں گا اور وہ بیابان میں سلامتی سے رہا کریں گے اور جنگلوں میں سوئیں گے۔

26. اور مَیں اُن کو اور اُن جگہوں کو جو میرے پہاڑ کے آس پاس ہیں برکت کا باعِث بناؤُں گا اور مَیں بروقت مِینہہ برساؤُں گا ۔ برکت کی بارِش ہو گی۔

حِزقی ایل 34