ایُّوب 41:7-27 Urdu Bible Revised Version (URD)

7. کیا تُو اُس کی کھال کو بھالوں سےیا اُس کے سر کو ماہی گِیر کے ترسُولوں سے بھر سکتا ہے؟

8. تُو اپنا ہاتھ اُس پردھرےتو لڑائی کو یاد رکھّے گا اور پِھر اَیسا نہ کرے گا۔

9. دیکھ! اُس کے بارے میں اُمّید بے فائِدہ ہے۔کیا کوئی اُسے دیکھتے ہی گِر نہ پڑے گا؟

10. کوئی اَیسا تُندخُو نہیں جو اُسے چھیڑنے کی جُرأت کرے۔پِھر وہ کَون ہے جو میرے سامنے کھڑا ہوسکے؟

11. کِس نے مُجھے پہلے کُچھ دِیا ہے کہ مَیں اُسے ادا کرُو ں؟جو کُچھ سارے آسمان کے نِیچے ہے وہ میرا ہے۔

12. نہ مَیں اُس کے اعضا کے بارے میں خاموش رہُوں گانہ اُس کی بڑی طاقت اور خُوب صُورت ڈِیل ڈَول کےبارے میں۔

13. اُس کے اُوپر کا لِباس کَون اُتار سکتا ہے؟اُس کے جبڑوں کے بِیچ کَون آئے گا؟

14. اُس کے مُنہ کے کِواڑوں کو کَون کھول سکتا ہے ؟اُس کے دانتوں کا دائِرہ دہشت ناک ہے۔

15. اُس کی ڈھالیں اُس کا فخر ہیں۔جو گویا سخت مُہر سے پَیوستہ کی گئی ہیں۔

16. وہ ایک دُوسری سے اَیسی جُٹی ہُوئی ہیںکہ اُن کے درمِیان ہوا بھی نہیں آ سکتی۔

17. وہ ایک دُوسری سے باہم پَیوستہ ہیں۔وہ آپس میں اَیسی سٹی ہیں کہ جُدا نہیں ہو سکتِیں۔

18. اُس کی چِھینکیں نُور افشانی کرتی ہیں۔اُس کی آنکھیں صُبح کے پپوٹوں کی طرح ہیں۔

19. اُس کے مُنہ سے جلتی مشعلیں نِکلتی ہیںاور آگ کی چِنگاریاں اُڑتی ہیں

20. اُس کے نتھنوں سے دُھؤاں نِکلتا ہے۔گویا کَھولتی دیگ اور سُلگتے سرکنڈے سے۔

21. اُس کا سانس کوئِلوں کو دہکا دیتا ہےاور اُس کے مُنہ سے شُعلے نِکلتے ہیں۔

22. طاقت اُس کی گردن میں بستی ہےاور دہشت اُس کے آگے آگے چلتی ہے۔

23. اُس کے گوشت کی تہیں آپس میں جُڑی ہُوئی ہیں۔وہ اُس پر خُوب سٹی ہیں اور ہٹ نہیں سکتِیں۔

24. اُس کا دِل پتّھر کی طرح مضبُوط ہےبلکہ چکّی کے نِچلے پاٹ کی طرح۔

25. جب وہ اُٹھ کھڑا ہوتا ہے تو زبردست لوگ ڈرجاتے ہیںاور گھبرا کر حواس باختہ ہو جاتے ہیں۔

26. اگر کوئی اُس پر تلوار چلائے تو اُس سے کُچھ نہیں بنتا۔نہ بھالے ۔ نہ تِیر ۔ نہ برچھی سے۔

27. وہ لوہے کو بُھوسا سمجھتا ہےاور پِیتل کو گلی ہُوئی لکڑی۔

ایُّوب 41