ایُّوب 39:10-29 Urdu Bible Revised Version (URD)

10. کیا تُو جنگلی سانڈ کو رسّے سے باندھ کر ریگھاری میںچلا سکتاہے؟یا وہ تیرے پِیچھے پِیچھے وادِیوں میں ہینگا پھیر ے گا؟

11. کیا تُو اُ س کی بڑی طاقت کے سبب سے اُس پربھروسا کرے گا؟یا کیا تُو اپنا کام اُس پر چھوڑدے گا؟

12. کیا تُو اُس پر اِعتماد کرے گا کہ وہ تیرا غلّہ گھر لے آئےاور تیرے کھلِیہان کا اناج اِکٹّھاکرے؟

13. شُتر مُرغ کے بازُو آسُودہ ہیںلیکن کیا اُ س کے پر و بال سے شفقت ظاہِر ہوتی ہے؟

14. کیونکہ وہ تو اپنے انڈے زمِین پر چھوڑ دیتی ہےاور ریت سے اُن کو گرمی پُہنچاتی ہے

15. اور بُھول جاتی ہے کہ وہ پاؤں سے کُچلے جائیں گےیا کوئی جنگلی جانور اُن کو روند ڈالے گا۔

16. وہ اپنے بچّوں سے اَیسی سخت دِلی کرتی ہے کہ گویاوہ اُ س کے نہیں۔خواہ اُ س کی مِحنت رایگاں جائے اُسے کُچھ خَوف نہیں۔

17. کیونکہ خُدا نے اُسے عقل سے محرُوم رکھّااور اُسے سمجھ نہیں دی۔

18. جب وہ تن کر سِیدھی کھڑی ہو جاتی ہےتو گھوڑے اور اُ س کے سوار دونوں کو ناچِیز سمجھتی ہے۔

19. کیا گھوڑے کو اُ س کا زور تُو نے دِیا ہے؟کیا اُ س کی گردن کو لہراتی ایال سے تُو نے مُلبّس کِیا؟

20. کیا اُسے ٹِڈّی کی طرح تُو نے کُدایاہے؟اُ س کے فرّانے کی شان مُہِیب ہے۔

21. وہ وادی میں ٹاپ مارتا ہے اور اپنے زور میںخُوش ہے۔وہ مُسلّح آدمِیوں کا سامنا کرنے کو نِکلتا ہے۔

22. وہ خَوف کو ناچِیز جانتا ہے اور گھبراتا نہیںاور وہ تلوار سے مُنہ نہیں موڑتا۔

23. ترکش اُس پر کھڑکھڑاتا ہے۔چمکتا ہُؤا بھالا اور سانگ بھی۔

24. وہ تُندی اور قہر میں زمِین پَیما ئی کرتا ہےاور اُسے یقِین نہیں ہوتا کہ یہ تُرہی کی آواز ہے۔

25. جب جب تُرہی بجتی ہے وہ ہِن ہِن کرتا ہےاور لڑائی کو دُور سے سُونگھ لیتا ہے۔سرداروں کی گرج اور للکار کو بھی۔

26. کیا باز تیری حِکمت سے اُڑتا ہےاور جنُوب کی طرف اپنے بازُو پَھیلاتاہے؟

27. کیا عُقاب تیرے حُکم سے اُوپر چڑھتا ہےاور بُلندی پر اپنا گھونسلا بناتاہے؟

28. وہ چٹان پر رہتا اور وہِیں بسیرا کرتا ہے۔یعنی چٹان کی چوٹی پر اور پناہ کی جگہ میں۔

29. وہِیں سے وہ شِکار تاڑ لیتا ہےاُ س کی آنکھیں اُسے دُور سے دیکھ لیتی ہیں۔

ایُّوب 39