27. سو تُو ہی نزدِیک جا کر جو کُچھ خُداوند ہمارا خُدا کہے اُسے سُن لے اور تُو ہی وہ باتیں جو خُداوند ہمارا خُدا تُجھ سے کہے ہم کو بتانا اور ہم اُسے سُنیں گے اور اُس پر عمل کریں گے۔
28. اور جب تُم مُجھ سے گُفتگُو کر رہے تھے تو خُداوند نے تُمہاری باتیں سُنِیں ۔ تب خُداوند نے مُجھ سے کہا کہ مَیں نے اِن لوگوں کی باتیں جو اُنہوں نے تُجھ سے کہِیں سُنی ہیں ۔ جو کُچھ اُنہوں نے کہا ٹھیک کہا۔
29. کاش اُن میں اَیسا ہی دِل ہو تاکہ وہ میرا خَوف مان کر ہمیشہ میرے سب حُکموں پر عمل کرتے تاکہ سدا اُن کا اور اُن کی اَولاد کا بھلا ہوتا!۔
30. سو تُو جا کر اُن سے کہہ دے کہ تُم اپنے ڈیروں کو لَوٹ جاؤ۔
31. پر تُو یہِیں میرے پاس کھڑا رہ اور مَیں وہ سب فرمان اور سب آئِین اور احکام جو تُجھے اُن کو سِکھانے ہیں تُجھ کو بتاؤُں گا تاکہ وہ اُن پر اُس مُلک میں جو مَیں اُن کو قبضہ کرنے کے لِئے دیتا ہُوں عمل کریں۔