اِستِثنا 31:5-12 Urdu Bible Revised Version (URD)

5. اور خُداوند اُن کو تُم سے شِکست دِلائے گا اور تُم اُن سے اُن سب حُکموں کے مُطابِق پیش آنا جو مَیں نے تُم کو دِئے ہیں۔

6. تُومضبُوط ہو جا اور حَوصلہ رکھ ۔ مت ڈر اور نہ اُن سے خَوف کھا کیونکہ خُداوند تیرا خُدا خُود ہی تیرے ساتھ جاتا ہے ۔ وہ تُجھ سے دست بردار نہیں ہو گا اور نہ تُجھ کو چھوڑے گا۔

7. پِھر مُوسیٰ نے یشُو ع کو بُلا کر سب اِسرائیلِیوں کے سامنے اُس سے کہا کہ تُو مضبُوط ہو جا اور حَوصلہ رکھ کیونکہ تُو اِس قَوم کے ساتھ اُس مُلک میں جائے گا جِس کو خُداوند نے اُن کے باپ دادا سے قَسم کھا کر دینے کو کہا تھا اور تُو اُن کو اُس کا وارِث بنائے گا۔

8. اور خُداوند ہی تیرے آگے آگے چلے گا ۔ وہ تیرے ساتھ رہے گا ۔ وہ تُجھ سے نہ دست بردار ہو گا نہ تُجھے چھوڑے گا سو تُو خَوف نہ کر اور بے دِل نہ ہو۔

9. اور مُوسیٰ نے اِس شرِیعت کو لِکھ کر اُسے کاہِنوں کے جو بنی لاوی اور خُداوند کے عہد کے صندُوق کے اُٹھانے والے تھے اور اِسرا ئیل کے سب بزُرگوں کے سپُرد کِیا۔

10. پِھر مُوسیٰ نے اُن کو یہ حُکم دِیا کہ ہر سات برس کے آخِر میں چُھٹکارے کے سال کے مُعیّن وقت پر عِیدِ خیام میں۔

11. جب سب اِسرائیلی خُداوند تیرے خُدا کے حضُور اُس جگہ آکر حاضِر ہوں جِسے وہ خُود چُنے گا تو تُو اِس شرِیعت کو پڑھ کر سب اِسرائیلِیوں کو سُنانا۔

12. تُو سب لوگوں کو یعنی مَردوں اور عَورتوں اور بچّوں اور اپنی بستِیوں کے مُسافِروں کو جمع کرنا تاکہ وہ سُنیں اور سِیکھیں اور خُداوند تُمہارے خُدا کا خَوف مانیں اور اِس شرِیعت کی سب باتوں پر اِحتیاط رکھ کر عمل کریں۔

اِستِثنا 31