17. اور تُم نے خُود اُن کی مکرُوہ چِیزیں اور لکڑی اور پتّھر اور چاندی اور سونے کی مُورتیں دیکِھیں جو اُن کے ہاں تِھیں)۔
18. سو اَیسا نہ ہو کہ تُم میں کوئی مَرد یا عَورت یا خاندان یا قبِیلہ اَیسا ہو جِس کا دِل آج کے دِن خُداوند ہمارے خُدا سے برگشتہ ہو اور وہ جا کر اُن قَوموں کے دیوتاؤں کی پرستِش کرے یا اَیسا نہ ہو کہ تُم میں کوئی اَیسی جڑ ہو جو اندراین اور ناگدَونا پَیدا کرے۔
19. اور اَیسا آدمی لَعنت کی یہ باتیں سُن کر دِل ہی دِل میں اپنے کو مُبارک باد دے اور کہے کہ خواہ مَیں کَیسا ہی ہٹّی ہو کر تر کے ساتھ خُشک کو فنا کر ڈالُوں تَو بھی میرے لِئے سلامتی ہے۔
20. پر خُداوند اُسے مُعاف نہیں کرے گا بلکہ اُس وقت خُداوند کا قہر اور اُس کی غَیرت اُس آدمی پر برانگیختہ ہو گی اور سب لَعنتیں جو اِس کِتاب میں لِکھی ہیں اُس پر پڑیں گی اور خُداوند اُس کے نام کو صفحۂِ روزگار سے مِٹا دے گا۔
21. اور خُداوند اِس عہد کی اُن سب لَعنتوں کے مُطابِق جو اِس شرِیعت کی کِتاب میں لِکھی ہیں اُسے اِسرا ئیل کے سب قبِیلوں میں سے بُری سزا کے لِئے جُدا کرے گا۔