25. خُداوند تُجھ کو تیرے دُشمنوں کے آگے شِکست دِلائے گا ۔ تُو اُن کے مُقابلہ کے لِئے تو ایک ہی راستہ سے جائے گا اور اُن کے سامنے سے سات سات راستوں سے ہو کر بھاگے گا اور دُنیا کی تمام سلطنتوں میں تُو مارا مارا پِھرے گا۔
26. اور تیری لاش ہوا کے پرِندوں اور زمِین کے درِندوں کی خُوراک ہو گی اور کوئی اُن کو ہنکا کر بھگانے کو بھی نہ ہو گا۔
27. خُداوند تُجھ کو مِصر کے پھوڑوں اور بواسِیراور کُھجلی اور خارِش میں اَیسا مُبتلا کرے گا کہ تُو کبھی اچھّا بھی نہیں ہونے کا۔
28. خُداوند تُجھ کو جنُون اور نابِینائی اور دِل کی گھبراہٹ میں بھی مُبتلا کر دے گا۔
29. اور جَیسے اندھا اندھیرے میں ٹٹولتا ہے وَیسے ہی تُو دوپہر دِن کو ٹٹولتا پِھرے گا اور تُو اپنے سب دھندوں میں ناکام رہے گا اور تُجھ پر ہمیشہ ظُلم ہی ہو گا اور تُو لُٹتا ہی رہے گا اور کوئی نہ ہو گا جو تُجھ کو بچائے۔
30. عَورت سے منگنی تو تُو کرے گا لیکن دُوسرا اُس سے مُباشرت کرے گا ۔ تُو گھر بنائے گا پر اُس میں بسنے نہ پائے گا ۔ تُو تاکِستان لگائے گا پر اُس کا پَھل اِستعمال نہ کرے گا۔
31. تیرا بَیل تیری آنکھوں کے سامنے ذبح کِیا جائے گا پر تُو اُس کا گوشت کھانے نہ پائے گا ۔ تیرا گدھا تُجھ سے جبراً چِھین لِیا جائے گا اور تُجھ کو پِھر نہ ملے گا ۔ تیری بھیڑیں تیرے دُشمنوں کے ہاتھ لگیں گی اور کوئی نہ ہو گا جو تُجھ کو بچائے۔