اِستِثنا 28:14-26 Urdu Bible Revised Version (URD)

14. اور جِن باتوں کا مَیں آج کے دِن تُجھ حُکم دیتا ہُوں اُن میں سے کِسی سے دہنے یا بائیں ہاتھ مُڑ کر اَور معبُودوں کی پَیروی اور عِبادت نہ کرے۔

15. لیکن اگر تُو اَیسا نہ کرے کہ خُداوند اپنے خُدا کی بات سُن کر اُس کے سب احکام اور آئِین پر جو آج کے دِن مَیں تُجھ کو دیتا ہُوں اِحتیاط سے عمل کرے تو یہ سب لَعنتیں تُجھ پر نازِل ہوں گی اور تُجھ کو لگیں گی۔

16. شہر میں بھی تُو لَعنتی ہو گا اور کھیت میں بھی لَعنتی ہو گا۔

17. تیرا ٹوکرا اور تیری کٹھوتی دونوں لَعنتی ٹھہریں گے۔

18. تیری اَولاد اور تیری زمِین کی پَیداوار اور تیرے گائے بَیل کی بڑھتی اور تیری بھیڑ بکرِیوں کے بچّے لَعنتی ہوں گے۔

19. تُو اندر آتے لَعنتی ٹھہرے گااور باہر جاتے بھی لَعنتی ٹھہرے گا۔

20. خُداوند اُن سب کاموں میں جِن کو تُو ہاتھ لگائے لَعنت اور اِضطراب اور پِھٹکار کو تُجھ پر نازِل کرے گا جب تک کہ تُو ہلاک ہو کر جلد نیست و نابُود نہ ہو جائے ۔ یہ تیری اُن بداعمالِیوں کے سبب سے ہو گا جِن کو کرنے کی وجہ سے تُو مُجھ کو چھوڑ دے گا۔

21. خُداوند اَیسا کرے گا کہ وبا تُجھ سے لِپٹی رہے گی جب تک کہ وہ تُجھ کو اُس مُلک سے جِس پر قبضہ کرنے کو تُو وہاں جا رہا ہے فنا نہ کر دے۔

22. خُداوند تُجھ کو تپِ دِق اور بُخار اور سوزِش اور شدِید حرارت اور تلوار اور بادِ سمُوم اور گیروئی سے مارے گا اور یہ تیرے پِیچھے پڑے رہیں گے جب تک کہ تُو فنا نہ ہو جائے۔

23. اور آسمان جو تیرے سر پر ہے پِیتل کا اور زمِین جو تیرے نِیچے سے لوہے کی ہو جائے گی۔

24. خُداوند مینہ کے بدلے تیری زمِین پر خاک اور دُھول برسائے گا ۔ یہ آسمان سے تُجھ پر پڑتی ہی رہے گی جب تک کہ تُو ہلاک نہ ہو جائے۔

25. خُداوند تُجھ کو تیرے دُشمنوں کے آگے شِکست دِلائے گا ۔ تُو اُن کے مُقابلہ کے لِئے تو ایک ہی راستہ سے جائے گا اور اُن کے سامنے سے سات سات راستوں سے ہو کر بھاگے گا اور دُنیا کی تمام سلطنتوں میں تُو مارا مارا پِھرے گا۔

26. اور تیری لاش ہوا کے پرِندوں اور زمِین کے درِندوں کی خُوراک ہو گی اور کوئی اُن کو ہنکا کر بھگانے کو بھی نہ ہو گا۔

اِستِثنا 28