1. اور اگر تُو خُداوند اپنے خُدا کی بات کو جانفشانی سے مان کر اُس کے اِن سب حُکموں پر جو آج کے دِن مَیں تُجھ کو دیتا ہُوں اِحتیاط سے عمل کرے تو خُداوند تیرا خُدا دُنیا کی سب قَوموں سے زیادہ تُجھ کو سرفراز کرے گا۔
2. اور اگر تُو خُداوند اپنے خُدا کی بات سُنے تو یہ سب برکتیں تُجھ پر نازِل ہوں گی اور تُجھ کو مِلیں گی۔
3. شہر میں بھی تُو مُبارک ہو گا اور کھیت میں بھی مُبارک ہو گا۔
4. تیری اَولاد اور تیری زمِین کی پَیداوار اور تیرے چَوپایوں کے بچّے یعنی گائے بَیل کی بڑھتی اور تیری بھیڑ بکرِیوں کے بچّے مُبارک ہوں گے۔
5. تیرا ٹوکرا اور تیری کٹھوتی دونوں مُبارک ہوں گے۔