4. اور تیری حُدُود کے اندر سات دِن تک کہِیں خمِیر نظر نہ آئے اور اُس قُربانی میں سے جِس کو تُو پہلے دِن کی شام کو چڑھائے کُچھ گوشت صُبح تک باقی نہ رہنے پائے۔
5. تُو فَسح کی قُربانی کو اپنے پھاٹکوں کے اندر جِن کو خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو دِیا ہو کہِیں نہ چڑھانا۔
6. بلکہ جِس جگہ کو خُداوند تیرا خُدا اپنے نام کے مسکن کے لِئے چُنے گا وہاں تُو فَسح کی قُربانی کو اُس وقت جب تُو مِصر سے نِکلا تھا یعنی شام کو سُورج ڈُوبتے وقت گُذراننا۔
7. اور جِس جگہ کو خُداوند تیرا خُدا چُنے وہِیں اُسے بُھون کر کھانا اور پِھر صُبح کو اپنے اپنے ڈیرے کو لَوٹ جانا۔
8. چھ دِن تک بے خمِیری روٹی کھانا اور ساتویں دِن خُداوند تیرے خُدا کی خاطِر مُقدّس مجمع ہو ۔ اُس میں تُو کوئی کام نہ کرنا۔
9. پِھر تُو سات ہفتے یُوں گِننا کہ جب سے ہنسوا لے کر فصل کاٹنی شرُوع کرے تب سے سات ہفتے گِن لینا۔
10. تب جَیسی برکت خُداوند تیرے خُدا نے دی ہو اُس کے مُطابِق اپنے ہاتھ کی رضا کی قُربانی کا ہدیہ لا کر خُداوند اپنے خُدا کے لِئے ہفتوں کی عِید منانا۔