16. لیکن تُم خُون کو بِالکُل نہ کھانا بلکہ تُو اُسے پانی کی طرح زمِین پر اُنڈیل دینا۔
17. اور تُو اپنے پھاٹکوں کے اندر اپنے غلّہ اور مَے اور تیل کی دَہ یکِیاں اور گائے بَیلوں اور بھیڑ بکرِیوں کے پہلوٹھے اور اپنی مَنّت مانی ہُوئی چِیزیں اور رضا کی قُربانیاں اور اپنے ہاتھ کی اُٹھائی ہُوئی قُربانیاں کبھی نہ کھانا۔
18. بلکہ تُو اور تیرے بیٹے بیٹِیاں اور تیرے نَوکر چاکر اور لَونڈِیاں اور وہ لاوی بھی جو تیرے پھاٹکوں کے اندر ہو اُن چِیزوں کو خُداوند اپنے خُدا کے حضُور اُس جگہ کھانا جِسے خُداوند تیرا خُدا چُن لے اور تُو خُداوند اپنے خُدا کے حضُور اپنے ہاتھ کی کمائی کی خُوشی منانا۔
19. اور خبردار جب تک تُو اپنے مُلک میں جِیتا رہے لاوِیوں کو چھوڑ نہ دینا۔
20. جب خُداوند تیرا خُدا اُس وعدہ کے مُطابِق جو اُس نے تُجھ سے کِیا ہے تیری سرحدکو بڑھائے اور تیرا جی گوشت کھانے کو کرے اور تُو کہنے لگے کہ مَیں تو گوشت کھاؤُں گا تو تُو جَیسا تیرا جی چاہے گوشت کھا سکتا ہے۔
21. اور اگر وہ جگہ جِسے خُداوند تیرے خُدا نے اپنے نام کو وہاں قائِم کرنے کے لِئے چُنا ہو تیرے مکان سے بُہت دُور ہو تو تُو اپنے گائے بَیل اور بھیڑ بکری میں سے جِن کو خُداوند نے تُجھ کو دِیا ہے کِسی کو ذبح کر لینا اور جَیسا مَیں نے تُجھ کو حُکم دِیا ہے تُو اُس کے گوشت کو اپنے دِل کی رغبت کے مُطابِق اپنے پھاٹکوں کے اندر کھانا۔
22. جَیسے چکارے اور ہرن کو کھاتے ہیں وَیسے ہی تُو اُسے کھانا ۔ پاک اور ناپاک دونوں طرح کے آدمی اُسے یکساں کھا سکیں گے۔
23. فقط اِتنی اِحتیاط ضرُور رکھنا کہ تُو خُون کو نہ کھانا کیونکہ خُون ہی تو جان ہے ۔ سو تُو گوشت کے ساتھ جان کو ہرگِز نہ کھانا۔
24. تُو اُس کو کھانا مت بلکہ اُسے پانی کی طرح زمِین پر اُنڈیل دینا۔
25. تُو اُسے نہ کھانا تاکہ تیرے اُس کام کے کرنے سے جو خُداوند کی نظر میں ٹِھیک ہے تیرا اور تیرے ساتھ تیری اَولاد کا بھی بھلا ہو۔
26. پر اپنی مُقدّس اشیا کو جو تیرے پاس ہوں اور اپنی مَنّتوں کی چِیزوں کو اُسی جگہ لے جانا جِسے خُداوند چُن لے۔
27. اور وہِیں اپنی سوختنی قُربانیوں کا گوشت اور خُون دونوں خُداوند اپنے خُدا کے مذبح پر چڑھانا اور خُداوند تیرے خُدا ہی کے مذبح پر تیرے ذبِیحوں کا خُون اُنڈیلا جائے مگر اُن کا گوشت تُو کھانا۔
28. اِن سب باتوں کو جِن کا مَیں تُجھ کو حُکم دیتا ہُوں غَور سے سُن لے تاکہ تیرے اُس کام کے کرنے سے جو خُداوند تیرے خُدا کی نظر میں اچھّا اور ٹِھیک ہے تیرا اور تیرے بعد تیری اَولاد کا بھلا ہو۔
29. جب خُداوند تیرا خُدا تیرے سامنے سے اُن قَوموں کو اُس جگہ جہاں تُو اُن کا وارِث ہونے کو جا رہا ہے کاٹ ڈالے اور تُو اُن کا وارِث ہو کر اُن کے مُلک میں بس جائے۔
30. تو تُو خبردار رہنا تا اَیسا نہ ہو کہ جب وہ تیرے آگے سے نابُود ہو جائیں تو تُو اِس پھندے میں پھنس جائے کہ اُن کی پَیروی کرے اور اُن کے دیوتاؤں کے بارے میں یہ دریافت کرے کہ یہ قَومیں کِس طرح سے اپنے دیوتاؤں کی پُوجا کرتی ہیں؟ مَیں بھی وَیسا ہی کرُوں گا۔
31. تُو خُداوند اپنے خُدا کے لِئے اَیسا نہ کرنا کیونکہ جِن جِن کاموں سے خُداوند کو نفرت اور عداوت ہے وہ سب اُنہوں نے اپنے دیوتاؤں کے لِئے کِئے ہیں بلکہ اپنے بیٹوں اور بیٹِیوں کو بھی وہ اپنے دیوتاؤں کے نام پر آگ میں ڈال کر جلا دیتے ہیں۔
32. جِس جِس بات کا مَیں حُکم کرتا ہُوں تُم اِحتیاط کر کے اُس پر عمل کرنا اور تُو اُس میں نہ تو کُچھ بڑھانا اور نہ اُس میں سے کُچھ گھٹانا۔