اِستِثنا 12:10-17 Urdu Bible Revised Version (URD)

10. لیکن جب تُم یَردن پار جا کر اُس مُلک میں جِس کا مالِک خُداوند تُمہارا خُدا تُم کو بناتا ہے بس جاؤ اور وہ تُمہارے سب دُشمنوں کی طرف سے جو گِردا گِرد ہیں تُم کو راحت دے اور تُم امن سے رہنے لگو۔

11. تو وہاں جِس جگہ کو خُداوند تُمہارا خُدا اپنے نام کے مسکن کے لِئے چُن لے وہِیں تُم یہ سب کُچھ جِس کا مَیں تُم کو حُکم دیتا ہُوں لے جایا کرنا یعنی اپنی سوختنی قُربانیاں اور اپنے ذبِیحے اور اپنی دَہ یکیاں اور اپنے ہاتھ کے اُٹھائے ہُوئے ہدئے اور اپنی خاص نذر کی چِیزیں جِن کی مَنّت تُم نے خُداوند کے لِئے مانی ہو۔

12. اور وہِیں تُم اور تُمہارے بیٹے بیٹِیاں اور تُمہارے نَوکر چاکر اور لَونڈیاں اور وہ لاوی بھی جو تُمہارے پھاٹکوں کے اندر رہتا ہو اور جِس کا کوئی حِصّہ یا مِیراث تُمہارے ساتھ نہیں سب کے سب مِل کر خُداوند اپنے خُدا کے حضُور خُوشی منانا۔

13. اور تُو خبردار رہنا تا اَیسا نہ ہو کہ جِس جگہ کو دیکھ لے وہِیں اپنی سوختنی قُربانی چڑھائے۔

14. بلکہ فقط اُسی جگہ جِسے خُداوند تیرے کِسی قبِیلہ میں چُن لے تُو اپنی سوختنی قُربانیاں گُذراننا اور وہِیں سب کُچھ جِس کا مَیں تُجھ کو حُکم دیتا ہُوں کرنا۔

15. پر گوشت کو تُو اپنے سب پھاٹکوں کے اندر اپنے دِل کی رغبت اور خُداوند اپنے خُدا کی دی ہُوئی برکت کے مُوافِق ذبح کر کے کھا سکے گا ۔ پاک اور ناپاک دونوں طرح کے آدمی اُسے کھا سکیں گے جَیسے چکارے اور ہرن کو کھاتے ہیں۔

16. لیکن تُم خُون کو بِالکُل نہ کھانا بلکہ تُو اُسے پانی کی طرح زمِین پر اُنڈیل دینا۔

17. اور تُو اپنے پھاٹکوں کے اندر اپنے غلّہ اور مَے اور تیل کی دَہ یکِیاں اور گائے بَیلوں اور بھیڑ بکرِیوں کے پہلوٹھے اور اپنی مَنّت مانی ہُوئی چِیزیں اور رضا کی قُربانیاں اور اپنے ہاتھ کی اُٹھائی ہُوئی قُربانیاں کبھی نہ کھانا۔

اِستِثنا 12