7. اور اگر تیری نذر کی قُربانی کا چڑھاوا کڑاہی کا تلا ہُؤا ہو تو وہ مَیدہ سے تیل میں بنایا جائے۔
8. تُو اِن چِیزوں کی نذر کی قُربانی کا چڑھاوا خُداوند کے پاس لانا ۔ وہ کاہِن کو دِیا جائے اور وہ اُسے مذبح کے پاس لائے۔
9. اور کاہِن اُس نذر کی قُربانی میں سے اُس کی یادگاری کا حِصّہ اُٹھا کر مذبح پر جلائے ۔ یہ خُداوند کے لِئے راحت انگیز خُوشبُو کی آتِشِین قُربانی ہو گی۔
10. اور جو کُچھ اُس نذر کی قُربانی میں سے بچ رہے وہ ہارُون اور اُس کے بیٹوں کا ہو گا ۔ یہ خُداوند کی آتِشِین قُربانیوں میں پاکترین چِیز ہے۔
11. کوئی نذر کی قُربانی جو تُم خُداوند کے حضُور چڑھاؤ وہ خمِیر مِلا کر نہ بنائی جائے ۔ تُم کبھی آتِشِین قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور خمِیر یا شہد نہ جلانا۔
12. تُم اِن کو پہلے پَھلوں کے چڑھاوے کے طَور پر خُداوند کے حضُور لانا ۔ پر راحت انگیز خُوشبُو کے لِئے وہ مذبح پر نہ چڑھائے جائیں۔
13. اور تُو اپنی نذر کی قُربانی کے ہر چڑھاوے کو نمکین بنانا اور اپنی کِسی نذر کی قُربانی کو اپنے خُدا کے عہد کے نمک بغَیرنہ رہنے دینا ۔ اپنے سب چڑھاووں کے ساتھ نمک بھی چڑھانا۔