6. تُم میں سے کوئی اپنی کِسی قرِیبی رِشتہ دار کے پاس اُس کے بدن کو بے پردہ کرنے کے لِئے نہ جائے ۔ مَیں خُداوند ہُوں۔
7. تُو اپنی ماں کے بدن کو جو تیرے باپ کا بدن ہے بے پردہ نہ کرنا کیونکہ وہ تیری ماں ہے ۔ تُو اُس کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا۔
8. تُو اپنے باپ کی بِیوی کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا کیونکہ وہ تیرے باپ کا بدن ہے۔
9. تُو اپنی بہن کے بدن کو چاہے وہ تیرے باپ کی بیٹی ہو چاہے تیری ماں کی اور خواہ وہ گھر میں پَیدا ہُوئی ہو خواہ اَور کہِیں بے پردہ نہ کرنا۔
10. تُو اپنی پوتی یا نواسی کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا کیونکہ اُن کا بدن تو تیرا ہی بدن ہے۔
11. تیرے باپ کی بِیوی کی بیٹی جو تیرے باپ سے پَیدا ہُوئی ہے تیری بہن ہے ۔ تو اُس کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا۔
12. تُو اپنی پُھوپھی کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا کیونکہ وہ تیرے باپ کی قریبی رِشتہ دار ہے۔
13. تُو اپنی خالہ کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا کیونکہ وہ تیری ماں کی قریبی رِشتہ دار ہے۔
14. تُو اپنے باپ کے بھائی کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا یعنی اُس کی بِیوی کے پاس نہ جانا ۔ وہ تیری چچی ہے۔
15. تُو اپنی بہُو کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا کیونکہ وہ تیرے بیٹے کی بِیوی ہے ۔ سو تُو اُس کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا۔