8. اور وہ جو پاک قرار دِیا جائے گا اپنے کپڑے دھوئے اور سارے بال مُنڈائے اور پانی میں غُسل کرے ۔ تب وہ پاک ٹھہرے گا ۔ اِس کے بعد وہ لشکرگاہ میں آئے پر سات دِن تک اپنے خَیمہ کے باہر ہی رہے۔
9. اور ساتویں روز اپنے سر کے سب بال اور اپنی داڑھی اور اپنے ابرُو غرض اپنے سارے بال مُنڈائے اور اپنے کپڑے دھوئے اور پانی میں نہائے تب وہ پاک ٹھہرے گا۔
10. اور وہ آٹھویں دِن دو بے عَیب نر برّے اور ایک بے عَیب یکسالہ مادہ برّہ اور نذر کی قُربانی کے لِئے ایفہ کے تِین دہائی حِصّہ کے برابر تیل مِلا ہُؤا مَیدہ اور لوج بھر تیل لے۔
11. تب وہ کاہِن جو اُسے پاک قرار دے گا اُس شخص کو جو پاک قرار دِیا جائے گا اور اِن چِیزوں کو خُداوند کے حضُور خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر حاضِر کرے۔
12. اور کاہِن نر برّوں میں سے ایک کو لے کر جُرم کی قُربانی کے لِئے اُسے اور اُس لوج بھر تیل کو نزدِیک لائے اور اُن کو ہِلانے کی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور ہِلائے۔
13. اور اُس برّہ کو مَقدِس میں اُس جگہ ذبح کرے جہاں خطا کی قُربانی اور سوختنی قُربانی کے جانور ذبح کِئے جاتے ہیں کیونکہ جُرم کی قُربانی خطا کی قُربانی کی طرح کاہِن کا حِصّہ ٹھہرے گی ۔ وہ نِہایت مُقدّس ہے۔