40. تو کاہِن حُکم دے کہ اُن پتّھروں کو جِن میں وہ بلا ہے نِکال کر اُنہیں شہر کے باہر کِسی ناپاک جگہ میں پھینک دیں۔
41. پِھر وہ اُس گھر کو اندر ہی اندر چاروں طرف سے کُھرچوائے اور اُس کُھرچی ہُوئی مِٹّی کو شہر کے باہر کِسی ناپاک جگہ میں ڈالیں۔
42. اور وہ اُن پتّھروں کی جگہ اَور پتّھر لے کر لگائیں اور کاہِن تازہ گارے سے اُس گھر کی استرکاری کرائے۔
43. اور اگر پتّھروں کے نِکالے جانے اور اُس گھر کے کُھرچے اور استرکاری کرائے جانے کے بعد بھی وہ بلا پِھر آ جائے اور اُس گھر میں پُھوٹ نِکلے۔
44. تو کاہِن اندر جا کر مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ وہ بلا گھر میں پَھیل گئی ہے تو اُس گھر میں کھا جانے والا کوڑھ ہے ۔ وہ ناپاک ہے۔
45. تب وہ اُس گھر کو اُس کے پتّھروں اور لکڑیوں اور اُس کی ساری مِٹّی کو گِرا دے اور وہ اُن کو شہر کے باہر نِکال کر کِسی ناپاک جگہ میں لے جائے۔
46. ماسِوا اِس کے اگر کوئی اُس گھر کے بند کر دِئے جانے کے دِنوں میں اُس کے اندر داخِل ہو تو وہ شام تک ناپاک رہے گا۔